نیوز ڈیسک
سرینگر//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ٹریفک حکام پر زور دیا کہ وہ سر ینگر ۔ جموں شاہراہ پرچوبیس گھنٹے ٹریفک کی نقل و حمل کو بہتر بناتے رہیں۔میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری پی ڈبلیو ڈی ، آئی جی ٹریفک، اننت ناگ اور رام بن کے ضلع ترقیاتی کمشنران ، ایس پی نیشنل ہائی وے اور آر او ، این ایچ اے آئی کے علاوہ دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکریٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ایسے کسی بھی اِمکان کو ختم کریں جو شاہراہ پر ٹریفک کی بہتر نقل و حمل میں رُکاوٹ ہے ۔ اُنہوں نے ان سے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی سابقہ ہدایات پر عمل در آمد کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈاکٹر مہتا نے سڑک کے گڑھے والے حصے کو بلیک ٹاپ کرنے ، کیچڑ کو ہٹانے ، ٹرک رکھنے والے علاقوں کا تعین ، ٹنلوں کی تکمیل اور جواہر ٹنل اور مغل روڈ کے متبادل لنک کے اِستعمال سمیت مسائل کانوٹس لیا۔اُنہوں نے دائمی طور پر سست رفتار سے چلنے والی گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے اور ان کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے اَفسران سے کہا کہ وہ ٹرکوں میں اوور لوڈنگ پر نظر رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسی کسی گاڑی کو آگے نہ بڑھنے دیا جائے جس سے دوسروں کے لئے مشکلات پیدا ہوں۔چیف سیکریٹری نے گندگی کو صاف کرنے ، سڑک کے سٹریچ کی بلیک ٹاپنگ اور ٹرک رکھنے والے علاقوں کو جلد سے جلد فعال کرنے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ ان تمام کاموں کی جیوٹیگ شدہ تصاویر مکمل ہونے کے بعد بھیج دیں۔ٹریفک اور این ایچ اے آئی کی طرف سے چیف سیکرٹری کو یقینی بنایا گیا کہ ان تمام ہدایات پر عمل درآمد کے بعد سڑک پر ٹریفک بہتر ہو جائے گا۔