بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے اسکولوں میں یکساں تعلیمی کلینڈر کو مکمل طور پر نافذ کردیا ہے۔ اب پورے جموں وکشمیر میں سبھی کلاسوں کے امتحانات مارچ اپریل سیشن میںہونگے جبکہ اسکولوںمیں نئے داخلے مارچ کے مہینے میں شروع ہونگے ۔محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار کی جانب سے جاری آرڈر میں 31اگست 2022کوجاری کردہ آرڈر زیر نمبر 2074-JK(Edu) آف 2022 کاحوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے’’ حکومت کی جانب سے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر کے نفاذ کومنظوری دی گئی ہے جس میں مارچ،اپریل سیشن میں سالانہ امتحانات کا انعقاد بھی شامل ہے‘‘۔ اس حکم نامے کااطلاق جموں و کشمیر میں قائم سبھی سرکاری اورتسلیم شدہ نجی اسکولوں پر ہوگا۔ حکمنامے کے تحت اب کشمیر وادی اورصوبہ جموں کے سرمائی زون والے علاقوںمیں اول سے نویں جماعت تک کے سبھی سالانہ امتحانات مارچ ،اپریل سیشن میں لئے جائیں گے۔
آرڈرمیں مزید حکم دیا گیا ہے کہ پورے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر کے تحت اب مختلف کلاسوںمیں طلباء وطالبات کے نئے داخلے کلینڈر سال کے مارچ کے مہینے سے شروع ہوں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی2020کی روشنی میں مرکزی زیرانتظام علاقے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر نافذ کرنے کیلئے رواں سال اپریل کے مہینے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی ،جس نے گزشتہ ماہ اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ حکومت جموں وکشمیر کوپیش کردی ۔آلوک کمار کے حکم میں کہا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کا محکمہ اسکول ایجوکیشن میں جائزہ لیا گیا اور جموں و کشمیر کے مرکزی زیرانتظام علاقے میں یکساں تعلیمی کلینڈر کونافذکرنے یا چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل ہی 10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو مارچ اپریل سیشن میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اب پرائمری اور مڈل سکولوں کے امتحانات بھی مارچ اپریل سین میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر، بھارت کا واحد خطہ تھا جہاں اکتوبر نومبر میں امتحانات لئے جاتے تھے۔1970کی دہائی تک یہاں بھی مارش اپریل سیشن میں امتحانات ہوا کرتے تھے لیکن اسکے بعد انہیں اکتوبر نومبر میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔