عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منہال علاقے میں میگی موڑ کے قریب جمعرات کو ایک ٹاٹا سومو گاڑی سڑک سے پھسل کر الٹ جانے سے تقریباً دس افراد زخمی ہو گئے۔بفلیاز سے راجوری جا رہی ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبری JK11-8884 میگی موڑ کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دس مسافر زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی۔ سڑک پر کام کر رہے مزدوروں اور دیگر راہگیروں کی فوری مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر تھنہ منڈی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تمام کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے البتہ چند لوگوں کو ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج و معالجہ کے لئے سب ضلع ہسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت محمد اکرم ولد محمد عارف بھنگائی عبدالرشید ولد جان محمد ڈوگراں سورنکوٹ، پروین زوجہ فرید حسین درابہ سورنکوٹ، نصیب جان زوجہ محمد مختار گمتھل سورنکوٹ، محمد صدیق ولد جمال دین اجوٹے پونچھ، محمد رفیق ولد محمد رشید ہسپلوٹ تھنہ منڈی، محمد رفیق ولد محمد شفیع درابہ سورنکوٹ، محمد صدیق ولد محمد اشرف درابہ سورنکوٹ، منظور بیگم زوجہ لال حسین ہسپلوٹ تھنہ منڈی، گلزار احمد ولد محمد اسلم بھنگائی کے طور پر کی گئی ہے۔ وہیں ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد نے پولیس پارٹی کے ساتھ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی. انہوں نے حادثے میں آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں تھنہ منڈی پولیس نے ایک کیس درج کر کے مزید مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
بھوانی کھیت سڑک پر ٹریکٹر حادثے کا شکار
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے علاقہ بھونی کھیت سڑک کو ٹریکٹر ٹرالی کو پیش آئے حادثے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے عرصہ 12 سال قبل مذکورہ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا کافی جدوجہد اور مشقت کے بعد چار سال قبل سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے تیار کیا گیا تاہم محکمہ نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور سڑک اس وقت کھنڈرات میں بدل چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی بار محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور انتظامیہ کے نوٹس میں لایا گیا لیکن کسی نے اس سڑک کی طرف توجہ نہیں دی تاہم سڑک کے حوالے سے جب متعلقہ حکام سے جانکاری چاہی تو انہوں نے بتایا کہ سڑک ابھی پوری طرح گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے سازگار نہیں تاہم ابھی کچھ کام مکمل کرنا باقی ہے۔ اس کے بعد سڑک بلیک ٹاپ ہو گی تب جا کر پوری طرح گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہو سکے گی۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو جلدازجلد قابل آمد ورفت بنایا جائے تاکہ مذکورہ نوعیت کے حادثات رونما نہ ہوں ۔