نواز رونیال
جموں//ضلع سانبہ کے سراتھی کلان علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات سیکورٹی فورسز نے ایک پاکستانی ڈورن کو اڑتے ہوئے دیکھنے کے بعد اتوار کی صبح علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ذرائع نے بتایا کہ سانبہ کے سراتھی کلان علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بین الاقوامی سرحد پر رات کی تاریکی میں ایک پاکستانی ڈورن کو کئی منٹوں تک ہوا میں اڑتے ہوئے دیکھا جس کے بعد وہ پاکستان کی طرف واپس چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی علی الصبح علاقے میں سیرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ یہ دیکھا جائے کہ کہیں ڈرون نے اس طرف کوئی مواد مت چھوڑا۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم فی الوقت سیکورٹی فورسز کو کوئی بھی شئی ہاتھ نہیں آئی ہے۔ادھر پولیس نے رام بن کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز رام بن کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس نے کہاکہ آپریشن کے دوران جنگلی علاقے میں ایک کمین گاہ کا پتہ چلا اور وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔ کمین گاہ سے گرینیڈ لانچر، ایک چینی پستول، میگزین، 36 کاٹریج ، ایک چاقو ، چار اے کے میگزین، 198گولیوں کے راونڈ، 69 ایم ایم پستول راونڈ ، ایک دوربین، ایک کیمرا اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔