بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے سبکدوش ملازمین کو راحت دیتے ہوئے پنشن اور فیملی پنشن کیلئے سالانہ لائف سرٹیفکیٹ کے آن لائن طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنرکے دفتر کو ’’ عوام کی آواز‘‘کے دوران پنشنروںکے لیے لائف سرٹیفکیٹ کی آن لائن تصدیق کی سہولت سے متعلق ایک تجویز موصول ہوئی ہے۔ پنشن تقسیم کرنے والی ایجنسیوں جیسے بینک وغیرہ کو پنشن کی واگزاری کیلئے لائف سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی ضرورت پڑتی ہے اور اس سے بزرگ اور جسمانی طور کمزور پنشنروںکو بہت زیادہ مشکلات اور غیر ضروری تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری( فائنانس کشمیر) وویک بھردواج کی جانب سے پیر کو جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ،اس سند کو محفوظ کرنے کے پورے عمل کو ڈیجیٹائز کرکے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس اقدام سے سرٹیفیکیشن اتھارٹی کے لیے پنشن تقسیم کرنے والی ایجنسی کے سامنے پنشنر کی موجودگی قصہ پارینہ بن جائے گی۔
سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ تمام پنشنروںوفیملی پنشنرز جن کے پاس درست آدھار ہے ،وہ درخواستوں کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے لائف سرٹیفکیٹ ڈیجیٹل طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ سرکیولر میں کہا گیا کہ پنشنر’ جیون پرمان‘ کی ویب سائٹ سے’ جیون پرمان ونڈوز اور اینڈرائیڈ کلائنٹ سافٹ ویئر‘ ڈان لوڈ کر سکتا ہے۔ کلائنٹ سافٹ ویئر لائف سرٹیفکیٹ کے لیے رجسٹریشن کا خیال رکھے گا، اورتصدیق کے لیے یہ آدھار بائیو میٹرک تصدیق پلیٹ فارم کا استعمال کرے گا۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ پنشنروں کو گوگل پلے سٹور،ایپ سٹور سے ’امنگ‘ایپ کو ڈان لوڈ کرنا ہوگا، جیون پرمان تلاش کرنا ہوگا اور’’ لائف سرٹیفکیٹ‘‘پر کلک کرنا ہوگا۔ پنشنر توثیق کا صفحہ کھل جائے گا اور ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کی تیاری کے لیے ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔مزید کہا گیا ہے کہ پنشنر قریبی سی ایس سی‘یا آدھار سیوا کیندرجائیں گے اور آدھار نمبر، موبائل نمبر، پنشن ادائیگی آرڈر( پی پی ائو)نمبر، اکانٹ نمبر اور پنشن منظور کرنے والی اتھارٹی کا نام فراہم کریں گے۔ پھر بائیو میٹرکس(فنگر پرنٹ) فراہم کریں۔