سید اعجاز
سرینگر//شہر سرینگر کے جواہر نگر علاقے میں گھوم رہے 2 ریچھوں کو محکمہ وائلڈ لائف نے پولیس اور سی آر پی کی مدد سے دوران شب بے ہوش کر کے قابو کر لیا ہے جس کے بعد مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سرینگر کے جواہر نگر علاقے میں اتوار کی صبح مقامی لوگوں نے ایک مادہ ریچھ کو بچے سمیت دیکھا جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا۔ ریچھ نے ایک بستی سے دوسری جگہ بھاگنے کے دوران ایک سکول چپراسی کو بھی زخمی کیا جس کے بعد مقامی لوگ گھروں میں سہم ہو کر رہ رہ گئے۔
واقعے کے حوالے سے اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی محکمہ وائلڈ لائف کے سینئر افسران و فیلڈ عملہ علاقے میں پہنچا جنہوں نے یہاں چھپے ریچھو ں کو تلاش کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا اور اس وقت ایک عارضی ایڈوائزی بھی جاری کی۔ محکمہ وائلڈ لائف کنسر ویٹر راشد نقاش نے بتایا کہ اتوار کی صبح اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا مسلسل کوششوں کے بعد محکمہ نے پیر کی صبح قریب 2 بجے پولیس سی آر پی کی مدد سے ریچھ کا پتہ لگا کر دونوں کو بے ہوش کر کے وہاں سے اپنی تحویل میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب علاقے میں اب کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی نہیں جہاں تمام لوگ بلا کسی پریشانی کے معمول کا کاروبار چلا سکتے ہیں جبکہ سکولی بچے سکول جا سکتے ہیں۔