رورل سوسائٹی کی بھنگ کے خلاف جنگ مہم جموں پہنچ گئی
جموں//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے کشمیر میں بھنگ کی کاشت کے خلاف شروع کی گئی مہم کو جموں میں آگے بڑھاتے ہوئے اراضی پر پھیلی بھنگ کو ختم کیا ہے۔ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے عہدیداروں اور کارکنوںنے جمعہ کو جموںمیں موجود اراضی پر پھیلی بھنگ کیخلاف جنگ شروع کرتے ہوئے بھنگ کو کاٹ دیا۔ سوسائٹی کے عہدیداروں اور کارکنوںنے ہاتھوں میں لاٹھیاں اور ڈنڈے لیکر بھنگ کو ختم کیا۔ اس موقعہ پرجموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین اور سابق سپیکر مبارک گل نے کہاکہ سوسائٹی نے بھنگ کے خلاف کشمیر میں جس مہم کاآغاز کیا ہے، اس کا دائرہ اب جموں میں بھی بڑھایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کے چپے چپے پر بھنگ کی کاشت کی جارہی ہے جو سماج کیلئے ایک ناسور ہے۔ مبارک گل نے کہاکہ بھنگ کے استعمال سے نوجوان ختم ہورہے ہیں اورحکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس بدعت کے خاتمہ کیلئے تحصیلداروں کو ٹاسک دیں اور ورکنگ گروپ تشکیل دیں۔ انہوںنے کہا کہ بھنگ کے خاتمے کیلئے جو علم ہم نے اٹھائی ہے، اسکے لئے سوسائٹی کے ذمہ دار بھی شامل ہونگے۔ مبارک گل نے ذرائع ابلاغ اور عوام سے التماس کی کہ وہ جموںوکشمیر کو منشیات سے آزاد علاقہ بنانے میں آگے آئیں۔ مبارک گل نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جہاں کہیں بھی بھنگ کی کاشت دیکھے، اسے تباہ کرنے میں پس و پیش سے کام نہ لیں اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ او کو مطلع کریں
سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کاجموں کے نفسیاتی ہسپتال کا دورہ
جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے گورنمنٹ نفسیاتی اَمراض ہسپتال جموں میں ڈی ایڈکشن سینٹر کا دورہ کیا۔ موجودہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات اور ڈی ایڈکشن سینٹر کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ۔سیکرٹری موصوف کو مرکزمیں موجود خامیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی جس کے لئے اُنہوں نے بھرپور مالی او رلاجسٹک تعاون کو یقینی بنایا ۔ ڈی ایڈکشن سینٹر کے اَندر اور اِس کے آس پاس مناسب سیکورٹی کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔بھوپندر کمار نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں نشے سے بچائو اور او ایس ٹی خدمات کے کام کو یقینی بنائیں اور سربراہان سائیکیٹرک ہسپتال اور ایم ایس سائیکیٹرک ہسپتال کو مزید ہدایت دی کہ نشامکت کے تحت علاقائی سطح پر بحالی مرکز کے قیام کے لئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے ٹھوس ایکشن پلان بنایا جائے۔ابھیان کو جلد اَز جلد اِنتظامی محکمہ میں جمع کیا جائے ۔سیکرٹری نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر میں جاری نشا مُکت ابھیان کو مزید بھرپور طریقے سے نافذ کریں۔
جموں صوبہ میں کورونا سے مزید 15متاثر
۔46مریض شفایاب،152ہنوز یرعلاج
نیوز ڈیسک
جموں//حکومت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ جموں میں کورونا وائرس کے صرف15نئے معاملات سامنے آئے ہیںجبکہ46مریض شفایاب ہوئے ہیں اور 152ہنوز زیرعلاج ہیں۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ جموں میں ضلع وار کووِڈمثبت معاملات کی رِپورٹ فراہم کرتے ہوئے کہاگیا کہ ضلع جموں میں11،ضلع ادھم پور میں 01،ضلع راجوری میں 01،ضلع ڈوڈہ میں 01اورضلع کٹھوعہ میں 01نئے مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔سانبہ ،کشتواڑ ،پونچھ ،رام بن اور رِیاسی اضلاع میں کسی بھی کووِڈ مثبت معاملے کی کوئی رِپورٹ نہیں آئی ہے۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 2,65,33,831ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 09ستمبر2022کی شام تک2,60,55,205نمونوں کی رِپورٹ منفی اور 4,78,626 نمونوں کی رِپورٹ مثبت پائی گئی ہے۔علاوہ ازیں اَب تک67,92,717افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں502اَفراد کو گھریلو قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔552فراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ526اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطابق67,86,353اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔کووِڈ ویکسی نیشن کے بارے میں بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10,370کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں جس سے ٹیکوں کی مجموعی تعداد 2,44,16,113تک پہنچ گئی ہے ۔اِس کے علاوہ جموں و کشمیر میںزائد اَز 18 برس عمر کی صد فیصد آبادی کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔
اقتدار میں آئے تو کم سے کم اجرت قانون نافذ کرینگے
آشا اور ڈیلی ویجر حکومتی بے اعتنائی کا شکار،ناانصافی ختم کرینگے:عام آدمی پارٹی
جموں//محکمہ صحت سے وابستہ آشا کارکنوں کو صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کا ایک اہم جزو اور مختلف محکموں کے ڈیلی ویجیروں کو نظام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے عہد کیا کہ آشاورکروں کے لیے دہلی جیسا فلاحی ماڈل جموں و کشمیر میں لاگو کیا جائے گا اگر پارٹی جیت حاصل کرتی ہے تو “منیمم ویجز ایکٹ” کا فائدہ آشا کارکنوں اور یومیہ اجرت والوں کے لئے یقینی بنایا جائے گا وہ بھی تازہ مہنگائی کی شرح اور ضرورت کے مطابق نظر ثانی کے بعد۔عام آدمی پارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے دیگر سرکاری محکموں سے وابستہ کارکنوں کی طرح محکمہ صحت سے وابستہ آشا کارکنوں کو بھی حکومت کے غیر سنجیدہ رویہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پارٹی نے کہا کہ”درجنوں دیگر زمروں کے ملازمین کی طرح، آشاورکر بھی طویل عرصے سے احتجاج پر ہیں لیکن جموں و کشمیر حکومت میں ان کی حالتِ زار سننے یا ان سے بات چیت کرنے والا کوئی نہیں ہے”۔پارٹی نے آشاورکروں کو بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی علامت قرار دیا اور کہا کہ آشائوں کی مناسب مضبوطی وقت کی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان صحت کارکنوں کے کردار اور ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیا جائے۔عام آدمی پارٹی نے دہلی میں پارٹی کی حکومت کی طرف سے کئے گئے فلاحی اقدامات کا ذکر کیا جس میں ایک آشا کارکن کو دیگر فوائد کے علاوہ تقریباً اٹھارہ ہزار روپے بطور مراعات ملتے ہیں اور مزید کہا کہ اگر پارٹی کو ووٹ دیا گیا تو آشا کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لئے اسی طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کئے جائیں گے جس میں خاص طور پرمنیمم ویجز ایکٹ کو نفاذ کرنا بھی شامل ہے تازہ ترین مہنگائی کی شرح کے مطابق اور آشا کٹس، ضروری ادویات، ہیلتھ سپلیمنٹس کی مناسب فراہمی کے ساتھ۔عام آدمی پارٹی نے جموں و کشمیر میں مختلف محکموں کے یومیہ اجرت والوں کی خدمات کا مزید تذکرہ کیا اور کہا کہ ڈیلی ویجر محکموں کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور عوام کے لیے انتہائی قابل تعریف خدمات انجام دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ سخت سلوک کیا جا رہا ہے اور ان کے حقوق کے بجائے پولیس کی لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر عام آدمی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو تمام محکموں کے یومیہ اجرت والوںپر نظر ثانی شدہ قیمت کے ساتھ منیمم ویجزایکٹ لاگو کرینگے اور اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کی طرح جموں کشمیر میں بھی جلد از جلد ان کی ریگولرائزیشن کو یقینی بنائیں گے۔
بٹھنڈی۔ سنجواں حکومتی عدم توجہی کا شکار، رابطہ سڑک خستہ:شبیر کوہلی
لوگوں کے پاس موجود جائیداد کو ریگولر ائز کرنے کی مانگ
جموں// اپنی پارٹی ایس ٹی ونگ صوبائی صدر جموں شبیر کوہلی نے اسمبلی حلقہ باہو میں لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔وارڈنمبر74بٹھنڈی نزدیک سنجواں موڑ ایک شبیر کوہلی کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اسحاق کٹھانہ، ریاض پنچ، فریاد پنچ، فرید ٹھکریہ، نصیر کالس، رزاق کالس وغیرہ نے شرکت کی۔میٹنگ میں شرکاء نے بٹھنڈی، سنجواں اور مضافاتی رہائشی وتجارتی علاقوں کے ترقیاتی مسائل اور رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی پر گہری تشویش ظاہر کی۔ لوگوں نے بٹھنڈی اور سنجواں کے ترقیاتی وعوامی مسائل کے تئیں انتظامیہ کی عدم توجہی پر سخت تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے مانگ کی کہ شہر ِ جموں کے نزدیک اِس جگہ کو قبائلی گائوں قرار دیکر یہاں پر مکینوں کے مفادات میں جلد سے جلد اراضی کو ریگولر ائز کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ یہاں پر دہائیوں سے آباد ہیں ، اْن کو اراضی کے مالکانہ حقوق ملنے چاہئے اور اِس علاقہ کو ریگولر آئزڈ کیاجائے۔ شبیر کوہلی نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد اْنہیں یقین دلایاکہ وہ سبھی مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر اْنہیں حل کرانے کی کوشش کریں گے۔
جموں وارڈ نمبر33میں اپنی پارٹی میٹنگ
۔JMC عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام: ڈاکٹر روہت
جموں// اسمبلی حلقہ جموں مغرب میں پڑنے والے جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر33میں اپنی پارٹی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی صوبائی سیکریٹری وضلع صدر جموں اربن ڈاکٹر روہت گپتا کی موجودگی میں درجنوں افراد نے پارٹی کا دامن تھاما۔ اس میں مختلف طبقہ جات کے لوگوں نے حصہ لیا اور علاقہ کے ترقیاتی مسائل وصفائی ستھرائی صورتحال پر غوروخوض کیاگیا۔لوگوں نے صفائی ستھرائی کے فقدان، کوڑا کر کٹ کے ڈھیر، پانی سپلائی میں باربار خلل اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر تشویش ظاہر کی۔ ڈاکٹر روہت گپتا نے اپنے خطا ب میں کہاکہ اپنی پارٹی بلا امتیاز عوام کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے وارڈ کی صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکام رہنے پر جموں میونسپل کارپوریشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ حکام صرف پروجیکٹوں کے فوٹو کھینچے میں مصروف ہیں، صرف چنیدہ وارڈوں میں کام دکھائی دے رہا ہے باقی رہائشی علاقوں اور بستیوں عدم توجہی کا شکار ہیں۔
گھریلو بجلی صارفین کو ایمنسٹی دینے کا فیصلہ خوش آئند
کمرشل صارفین کو بھی یوٹی میں اسی طرح کی رعایت دی جائے:اعجاز کاظمی
جموں// اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے ریاستی انتظامیہ کونسل کے اْس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں جموں وکشمیر میں گھریلو بجلی صارفین کے لئے ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے اِس فیصلے سے عوام کو بڑی راحت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے ہائوس بوٹ مالکان، ہوٹل مالکان، صنعتی شعبہ اور دیگر تجارتی گھرانوں کے کمرشیل صارفین کے لئے بھی ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیاجائے جن کا کاروبار کویڈ19وبا ء کی وجہ سے بے حد متاثر ہوا۔انہوں نے کہاکہ لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور حکومت نے گھریلو صارفین کو ایمنسٹی دیکر اِس کا اعتراف بھی کیا ہے جس کی وسیع پیمانے پر پزیرائی ہورہی ہے۔ حکومت سے توقع ہے کہ کمرشیل صارفین کے دیرینہ مطالبہ پر بھی ہمدردانہ غور کیاجائیگا۔
برلا انٹرنیشنل اسکول کے دو طلباء NEET امتحان میں کامیاب
جموں//نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے جمعرات کو انڈر گریجویٹ (UG)-NEET کا نتیجہ جاری کیا۔ برلا انٹرنیشنل سکول جموں کے طلباء نے بھی NEET۔ 2022-23 میں اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ سکول کے دو طالب علموں نے امتحان میں کوالیفائی کیا۔ ابرار احمد نے 720 میں سے 605 اور محمد انیس نے 720 میں سے 547 نمبر ات حاصل کیے۔سکول کی پرنسپل اپرنہ کوہلی طلبہ کی کامیابی سے بہت خوش تھیں۔ انہوں نے کامیابی کا سہرا والدین، اہل اساتذہ کی رہنمائی اور محنت، عزم اور طلباء کے منظم مطالعہ کو قرار دیا۔