نیوز ڈیسک
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے منگل کو مرکز سے کہا کہ وہ ان ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کے ساتھ بات چیت کرے جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کی دفعہ 66 اے کے تحت ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں حالانکہ 2015 میں اس کو ختم کیا گیا ہے۔چیف جسٹس یو یو للت اور جسٹس ایس رویندر بھٹ کی بنچ نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں سے کہا کہ وہ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 اے کے مسلسل استعمال سے نمٹنے کے لیے تدارکاتی اقدامات کریں۔عدالت عظمیٰ نے کہا”ہم مرکزی حکومت کے ایڈوکیٹ زوہیب حسین کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریوں سے رابطہ کریں جہاں جرائم کا اندراج یا زیر التواء ہے تاکہ چیف سکریٹریز تدارک کے اقدامات کریں۔ حسین کو ریاستوں کی طرف سے پیش ہونے والے متعلقہ وکلاء کے ذریعہ مناسب مدد فراہم کی جائے گی۔
بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ حسین مواصلت کے لیے چیف سیکریٹریز کو لکھ سکتے ہیں اور متعلقہ وکلاء اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی حلف نامہ جمع کرانے کے لیے لکھ سکتے ہیں۔سپریم کورٹ غیر سرکاری تنظیم پیپلز یونین فار سول لبرٹیز (پی یو سی ایل) کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 اے کے استعمال کے معاملے کو اجاگر کیا گیا تھا۔آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 66 اے کے تحت، جسے سپریم کورٹ نے 2015 میں ختم کر دیا تھا، توہین آمیز پیغامات پوسٹ کرنے والے کو تین سال تک قید اور جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔سماعت کے دوران ایڈوکیٹ حسین نے کہاکہ مرکزی حکومت نے سیکشن 66 اے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ریاستوں کے تمام چیف سکریٹریوں کو پہنچا دیا ہے۔اس پر، بنچ نے مرکز سے کہا کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کر کے تدارک کی کارروائی کرے۔ بنچ نے نوٹ کیا کہ “یہ ایک سنگین اور تشویش کی بات ہے کہ مستند اعلان کے باوجود، جرائم اب بھی رجسٹرڈ اور جاری ہیں،” ۔عدالت عظمیٰ نے اب اس معاملے کی مزید سماعت تین ہفتوں کے بعد ملتوی کر دی ہے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست میںکہا گیاہے کہ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66A نہ صرف تھانوں میں بلکہ ملک بھر کی ٹرائل کورٹس کے سامنے مقدمات میں بھی استعمال ہوتی رہی ہے۔پچھلے سال 5 جولائی کو عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ یہ “حیرت انگیز اور چونکا دینے والی” ہے کہ لوگوں کے خلاف اب بھی آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66A کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جسے اس کے فیصلے سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ایک تاریخی فیصلے میں، سپریم کورٹ نے 2015 میں کہا تھا کہ دفعہ 66A نہ صرف “مبہم اور من مانی” ہے بلکہ یہ “غیر متناسب طور پر آزادی اظہار کے حق پر حملہ کرتا ہے”۔