سرینگر//نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ کا40 واں یوم وصال 8ستمبر بروز جمعرات منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مرحوم کے مقبرہ واقع نسیم باغ حضرت بل میں فاتحہ خوانی کی جائے گی جبکہ پارٹی قیادت ، سینئر لیڈران کے علاوہ عہدیداران وکارکنان اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کریںگے۔ جموں اور لداخ کے تمام اضلاع اور تحاصیل میںبھی تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں نیشنل کانفرنس کے مقامی لیڈران مرحوم کو خراج عقیدت پیش کریںگے۔ جموں میں شیر کشمیر بھون میں تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں صوبہ جموں کے زعماء شیخ محمد عبداللہ کی سیاسی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالیںگے۔اس سلسلے میں پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد کی صدارت میں ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ میٹنگ میں سینئر لیڈران عرفان احمد شاہ، بشیر احمدوانی(حلوائی)، نیاز احمد ہزاری، حاجی عبدالخالق صوفی، غلام محی الدین بٹ، عبدالمجید بٹ، محمد رفیق الائی ، ڈاکٹر سعید مخدومی، غلام محمد میر، قیصر جلالی ، خواتین، یوتھ اور اقلیتی سیل کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ضلع صدر نے پارٹی سے وابستہ تمام عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ پروگرام کے مطابق مرحوم کے مزار پر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔