اشتیاق ملک+زاہد بشیر
ڈوڈہ+گول //ڈوڈہ ضلع میں پیر کو دو الگ الگ سڑک حادثات میں ماں بیٹا اور میاں بیوی سمیت 7افراد جاں بحق ا ور 2 افرادزخمی ہوئے ۔پولیس نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو بجے کے قریب ایک سوئیفٹ گاڑی زیر نمبر/0630 JK14E پل ڈوڈہ سے بھدرواہ جارہی تھی جس دوران مغل مارکیٹ پرانوں کے نزدیک وہ حادثہ کا شکار ہو کر ڈیڑھ سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں سجاد احمد(34)ولد فتح محمد ساکن ٹنگورنہ بھدرواہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ پیوش منہاس ولد ریشی کمار ساکن بھدرواہ زخمی ہوا اور ڈرائیور رویندر کمار (33)ولد بنسی لال لاپتہ تھا، جسکی لاش بعد نیرو نالہ سے بر آمد ہوئی۔
ادھر پل ڈوڈہ سے بھدرواہ جارہی ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر/6168 JK02Aگلگندر میں پیر کی صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ۔ مہلوکین کی شناخت22سالہ وکرم سنگھ ولد نصیب سنگھ اور اسکی ماں ستیہ دیوی (58)،لیکھ راج ولد تیج رام (63) اور اس کی بیوی ستیشا دیوی (60) ساکنان شیوا کے طور پر ہوئی ہے جبکہ نصیب چند ولد کالی داس شدید زخمی ہوا ہے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، رضاکار تنظیمیں و پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔ مقامی لوگوں و پولیس کی مدد سے انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر مہلوکین کی طبی لوازمات مکمل کرکے لاشوں کو ورثا کے سپرد کیا گیا ۔ نصیب چند کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہیں ان حادثات پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ایل جی نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتطامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ ان حادثات پر غلام نبی آزاد ،مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ ، غلام محمد سروڑی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اپنی پارٹی کے سربراہ سید الطاف بخاری نے ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں سوموار کی صبح رونما ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں پانچ انسانی زندگیوں کے اتلاف پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
بخاری نے ان حادثات میں ہوئے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا’’مجھے ڈوڈہ میں رونما ہوئے دو سڑک حادثات میں پانچ افراد کے لقمہ اجل بن جانے کی اطلاع مل کر بے حد افسوس ہوا ۔ ادھر بھیم داسہ گول رام بن علاقے میں ایک ٹپر زیر نمبرJK02AS/2722 کو حادثہ پیش آیا اور ٹپر 600فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثہ میں ٹپر ڈرائیور ذاکر بشیر ولد بشیر احمد بٹ ساکن کیری ڈورو اننت ناگ موقعہ پر ہی لقمہ اجل جبکہ کنڈیکٹر محمد عامر ساکن کیری ڈورو اننت ناگ شدید طور پر زخمی ہوا۔کنڈیکٹر کو رام بن اسپتال میں داخل کیا گیا۔