سمیت بھارگو
راجوری//حکام نے اتوار کی شام کے رہائشی تبارک حسین کی لاش کا پوسٹ مارٹم سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ میں ڈاکٹروں کے ایک بورڈ کے ذریعے کرایا جس کے بعد لاش کو فوجی حکام کے حوالے کر دی گئی ۔ لاش پیر کو پاکستان واپس بھیجنے کا امکان ہے۔تبارک حسین ولد مستری ملک سبزہ کوٹ(POK) کا رہائشی تھا اور 21 اگست کو لائن آف کنٹرول سے دراندازی کر رہا تھا کہ فوجی دستوں نے اس پر فائرنگ کی اور بعد میں اسے زخمی حالت میں زندہ پکڑ لیا گیا۔تبارک تب سے آرمی جنرل اسپتال راجوری میں زیر علاج تھا جہاں ہفتہ کی دیر شام اس کی موت ہوگئی۔حکام نے بتایا کہ تبارک حسین کی لاش کا پوسٹ مارٹم اور طبی قانونی کارروائیاں سب ڈسٹرکٹ اسپتال سرنکوٹ میں ڈاکٹروں کے ایک بورڈ نے کیس کے تفتیشی افسر کی موجودگی میں کیں جس کے بعد لاش کو فوجی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے کہا”ہم نے مقررہ اصولوں کے مطابق پونچھ کے ایس ڈی ایچ سرنکوٹ میں پوسٹ مارٹم کرایا جس کے بعد لاش کو مزید کارروائی کے لیے فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔” دوسری طرف فوجی ذرائع نے بتایا کہ لاش کو فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔”توقع ہے کہ اسے آج یعنی پیر کی صبح پونچھ میں ایل او سی کے ذریعے پاکستانی حکام کو واپس کر دیا جائے گا۔” تبارک، اس سے قبل 2016 میں دراندازی کے دوران پکڑا گیا تھا اور اسے چھبیس ماہ کی جیل کی مدت کے بعد پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔وہ 21 اگست کو دوبارہ ایل او سی سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا اور فدائین دہشت گردوں کے ایک گروپ کی قیادت کر رہا تھا جب اس کی نقل و حرکت کو روکا گیا اور اسے چیلنج کیا گیا اور فوجی دستوں نے گولی چلائی جس میں وہ زخمی ہو گیا اور اسے زندہ پکڑ لیا گیا۔