سرینگر//زعفران کالونی سیمپورہ میں فرنڈس کالونی اے کی رابطہ سڑک گذشتہ کئی برسوں سے حددرجہ خستہ ہے جس کی وجہ آبادی کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے ۔
سٹی روڈ سرینگر کے زیر انتظام اس کالونی کے مکینوں کا الزام ہے کہ محض500میٹر لمبی اس خستہ رابطہ سڑک کوجان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے۔سڑک کی حالت اس قدر خراب ہے کہ سڑک پر گہرے کھڈے بن چکے ہیں اور ان میں بارشوں کا پانی جمع ہوچکا ہے ۔
مقامی لوگوں نے رابطہ سڑک کی فوری مانگ کو دُہراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سرینگر مونسپل کارپوریشن کی ونگ سٹی روڈ سرینگرنے گزشتہ 3برسوں کے دوران سڑک کی تجدید و مرمت کے حوالے سے کئی بار سروے کیا اور لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرنے کا یقین دلایا تاہم آج تک 500میٹر لمبی اس رابطہ سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ۔
فرنڈس لین اے کی محلہ کمیٹی کے صدر بشیر احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انڈین اوئل ڈیپو کی دیوار سے متصل مین روڈ سے فرنڈس لین کی جانب جانے والی اس رابطہ سڑک پر10سال قبل بجری ڈالی گئی تھی تاہم بعد میںآج تک اس کی دوبارہ مرمت نہیں کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ3برسوں کے دوران اگرچہ متعلقہ محکمہ نے کئی بار سڑک کا جائزہ لیا اور تجدید و مرمت کا یقین دلایا تاہم آج تک کام شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ سڑک دن بہ دن خستہ ہورہی ہے اور اب اس پر پیدل چلنا بھی دشوار ہوچکا ہے ۔
مقامی شہری سیدنثار احمد اندرابی نے بتایا کہ نہ صرف ابتر موسمی صورتحال بلکہ گرمیوں میں بھی سڑک پر لوگوں کا چلنا محال بن چکا ہے ۔لوگوں نے رابطہ سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ایم سی کمشنر اور ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ لوگوں کی راحت مل سکے۔
سرینگرکی زعفران کالونی میں رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ
