دبئی//ایشیا کپ 2022 میں سری لنکا اور بنگلہ دیش جمعرات کوکرو یا مرو کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ دونوں ٹیمیں گروپ بی کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان سے ہار چکی ہیں۔ افغانستان اس گروپ سے دو فتوحات کے ساتھ سپر 4 میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی اور اب سری لنکا اور بنگلہ دیش دوسری ٹیم ہونے کا دعویٰ کریں گے ۔ سری لنکا کو جہاں اپنے پہلے میچ میں ٹاپ آرڈر کی بلے بازی نے مایوس کیا تھا وہیں بنگلہ دیش کی ٹیم ڈیتھ اوور میں خراب گیندبازی کی وجہ سے ہارگئی تھی۔ سری لنکا کے کپتان داسن شناکا دبئی کی سست پچ پر ٹیم کے اسپن گیندبازوں پر اعتماد کرنا چاہیں گے ۔ ایسی صورت حال میں، وانندو ہسرنگا، کا ساتھ دینے کے لئے پرمود جے وکرما اور جیفری ونڈرسے میں سے کوئی ایک ، یا دونوں ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔ آل راونڈر دھننجے ڈی سلوا بھی سری لنکا کی الیون میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ ان کی موجودگی مڈل آرڈر میں جان ڈالے گی اور ان کی آف بریک باؤلنگ بنگلہ دیش کے لیے مشکل پیدا کرسکتی ہے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم کپتان شکیب الحسن کی واپسی پر اپنی پہلی جیت درج کرنا چاہے گی۔ اس میچ میں سب کی نظریں مصدق حسین پر ہوں گی جنہوں نے پہلے میچ میں 48 (31) رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 2.3 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ کپتان شکیب کو نوجوان گیندباز محمد سیف الدین سے امیدیں ہوں گی جنہوں نے افغانستان کے کپتان محمد نبی کو آؤٹ کیا تھا۔ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ افغانستان نے پہلے میچ میں سری لنکا کو یکطرفہ شکست دے کر پورے ایشیا کپ کو دلچسپ بنا دیا ہے ۔