نیوز ڈیسک
جموں//سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند سمیت کانگریس کے 64 سینئر لیڈروں نے منگل کو غلام نبی آزاد کی حمایت میں پارٹی سے استعفیٰ دے دیا اور اس بات پر زور دیا کہ آزاد کا وژن جموں و کشمیر کے لیے ایک نئے اور روشن مستقبل کی تشکیل کرے گا۔ انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو مشترکہ استعفیٰ پیش کیا۔ تاراچند نے سابق وزراء عبدالمجید وانی، منوہر لال شرما، گھارو رام اور سابق ایم ایل اے بلوان سنگھ سمیت دیگر کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کانگریس سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔آزادنے جمعہ کو کانگریس کے ساتھ اپنی پانچ دہائیوں کی رفاقت ختم کردی۔جموں صوبے کے 64 رہنماؤں اور سینئر عہدیداروں کے دستخط شدہ مشترکہ استعفیٰ میڈیا کو دکھایا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ “ہمارے رہنماغلام نبی آزاد پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں بھی کانگریس سے باہر آنا چاہیے۔آزاد جلد ہی جموں و کشمیر سے قومی سطح کی پارٹی کا آغاز کریں گے۔لیڈروں نے کہا”ہمیں یقین ہے کہ آزاد کی قیادت میں جموں و کشمیر تین سال کے وقفے کے بعد دوبارہ ریاست کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ وہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت اور قبل از وقت انتخابات کے لیے واحد اور سب سے طاقتور آواز ہیں۔کانگریس کے ایک درجن سے زیادہ سرکردہ لیڈران بشمول سابق وزراء اور قانون سازوں کے علاوہ سینکڑوں پنچایتی راج انسٹی ٹیوشن (پی آر آئی) ممبران، میونسپل کارپوریٹرس اور ضلع اور بلاک سطح کے لیڈران گزشتہ چار دنوں میں آزاد میں شامل ہونے کے لیے پہلے ہی کانگریس چھوڑ چکے ہیں۔