دبئی//(یواین آئی) ایشیا کپ کے چوتھے مقابلے میں بدھ کے روز ہندوستان کی ٹیم جب ہانگ کانگ کے خلاف میدان میں اترے گی تو اس کا مقصد میچ جیت کر سپر 4 میں جگہ بنانا ہوگا جبکہ کوالیفائر جیت کر آئی ہانگ کانگ کی ٹیم اپنا پہلا میچ کھیلنے اترے گی۔ دونوں ٹیمیں گروپ اے کا حصہ ہیں اور پہلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ اپنے ماضی کے تجربے کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، ہندوستانی ٹیم ہانگ کانگ کو کسی بھی طرح کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گی ۔ ہندوستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کے بلے باز کے ایل راہل پاکستان کے خلاف میچ میں گولڈن ڈک کا شکار بنے ۔ ایسے میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ ان کے لیے بہت اہم ہوگا۔یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ اگر کے ایل راہل اس میچ میں ناکام رہتے ہیں تو ان کا بھی پلیئنگ الیون سے باہر ہونا یقینی ہے کیونکہ پلیئنگ الیون کا کمبی نیشن گڑبڑ ہورہا ہے ۔ ٹیم انڈیا میں صرف ایک ہی بائیں ہاتھ کا بلے باز تھا، جس کی کمی پاکستان کے خلاف محسوس ہوئی تھی لیکن رویندر جڈیجہ کو شامل کیا گیا تھا جنہوں نے ٹیم انڈیا کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اگر کے ایل راہل کو ڈراپ کیا جاتا ہے تو ان کی جگہ رشبھ پنت کو موقع دیا جاسکتا ہے جو نمبر 4 پر کھیل سکتے ہیں اور اس صورتحال میں یا تو وراٹ کوہلی سے اوپننگ کرائی جاسکتی ہے یا پھر سوریہ کمار یادو کو روہت کے ساتھ اننگز کے لئے بھیجا جاسکتا ہے ۔ سوریا نے روہت کے ساتھ انگلینڈ میں اوپننگ کی تھی اور ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی تھی۔ہندوستانی ٹیم نے ایشیا کپ 2022 کا آغاز شاندار انداز میں کیا ہے اور ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف پاکستان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیم انڈیا یہ میچ جیت کر اگلے میچوں کے لیے آسانی سے کوالیفائی کرنا چاہے گی۔ جبکہ ہانگ کانگ بھی اس میچ کو جیت کر ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کرنے کی کوشش کرے گی۔ ہانگ کانگ کے خلاف ایک بار پھر میدان میں روہت اور راہل کی جوڑی کو میدان میں اننگز کا آغاز کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ حالانکہ دونوں بلے باز اپنے آخری میچ میں فلاپ رہے تھے ۔ جہاں راہل پاکستان کے خلاف کھاتہ بھی نہ کھول سکے وہیں روہت 18 گیندوں میں صرف 12 رنز بنا کر نواز کا شکار بن گئے ۔ لیکن دونوں بلے بازوں کی بلے بازی کی صلاحیت سے سبھی واقف ہیں۔ اگر یہ بلے باز میدان میں رہیں تو ان میں اپنے دم پر میچ جیتنے کی صلاحیت ہے ۔ شائقین کو امید ہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف روہت اور راہل اپنے پرانے انداز میں نظر آئیں گے ، اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے ۔