نندریشی کالونی بمنہ میں آگ

Mir Ajaz
3 Min Read

چار رہائشی مکانات کو جزوی نقصان
ارشاد احمد
سرینگر// نندریشی کالونی اے بمنہ میں آتشزدگی کی واردات میں چار رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔عینی شاہدین کے مطابق منگل کی صبح 10 بجکر 20 منٹ پر بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں مزید تین رہائشی مکان گئے۔ اس موقع پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی گئی جن کی 8 آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگئے۔ تاہم آتشزدگی کی واردات میں غلام قادر شیخ، محمد مقبول بالا اور طارق احمد بالا، ناصر احمد فاروقی، عبدالاحد لون اور پروینہ اختر کے چار رہائشی مکانات کو جزوی طور نقصان پہنچا ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے حکام نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث آتشزدگی کی واردات رونما ہوئی تاہم بروقت بچاو کارروائی میں فوری طور پر آگ پر قابو پایا گیا۔

 

نیشنل کانفرنس کا آتشزدگان سے اظہار ہمدردی
سرینگر// نیشنل کانفرنس سلناب پورہ کنڈی بارہمولہ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں کئی دکانوں کے خاکستر ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار اور ضلع صدر بارہمولہ سجاد شفیع اوڑی نے آتشزدگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ ان کی بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار پھر سے شروع کر سکیں۔ دریں اثناء پارٹی کے ضلع سکریٹری غلام حسن راہی نے جائے وارادات پر جاکر متاثرین کی ڈھارس بندھائی اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کے ساتھ رابطہ کرکے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کی اپیل کی۔ادھر پارٹی کے سینئر لیڈر عرفان احمد شاہ نے نند ریشی کالونی بمنہ میں 6رہائشی مکانوںکے خاکستر ہونے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سرینگر پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے ٹھو س اقدامات کرے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے یہ بھی اپیل کی کہ آتشزدگان کے قیام و طعام کے عارضی انتظامات بھی فوری طور پر عمل میں لائے جائیں۔

Share This Article