نئی دہلی//ایشیا کپ 2022 کے کوالیفائرز جلد ہی شروع ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مین راؤنڈ کے میچ 27 اگست سے یو اے ای میں ہونے والے ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستان اور پاکستان دونوں ٹیموں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ جسپریت بمراہ اور شاہین شاہ آفریدی دونوں زخمی ہونے کے باعث ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ دونوں کا شمار بین الاقوامی کرکٹ کے لیجنڈ گیند بازوں میں ہوتا ہے۔ ایسے میں یو اے ای میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بلے بازوں کا دبدبہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 28 اگست کو میچ ہونے والا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اہم مانا جارہا ہے ۔ پی سی بی نے ہفتہ کے روز جانکاری دی کہ 22 سالہ تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ میڈیکل ٹیم نے انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وہیں جسپریت بمراہ اپنی پرانی چوٹ سے پریشان ہیں۔ وہ فی الحال ہرشل پٹیل کے ساتھ این سی اے میں ریہیب کر رہے ہیں۔