بانہال// جموں سرینگر شاہراہ قریب 8گھنٹوں تک بند رہی۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ رام بن کے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ مقاما تشاہراہ کی مرمت کے پیش نظر گاڑیوں کی آمدورفت جمعہ کی شب دو بجے سے ہفتے کی صبح نو بجے تک بند رکھی گئی اور اس دوران کشمیر اور جموں سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ رام بن کے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ علاقوں میں پچھلے چند ہفتوں سے مسلسل پتھر اور پسیوں کے گرنے کی وجہ سے سڑک کی کشادگی ناگزیر بن گئی تھی۔جمعہ کی رات دو بجے سے فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں نے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ کے مقام پر سڑک سے ملبہ صاف کرکے اسے دو طرفہ ٹریفک کے قابل بنایا ۔ اس سیکٹر میں پہاڑی سے گرتے پتھروں کی زد میں آنے سے شاہراہ پر خطر بنی ہوئی تھی۔ سڑک کی مرمت اور اسے کشادہ کرنے کا کام مکمل کرنے کے بعد ٹریفک کو ہفتے کی صبح ساڑھے نو بجے دوبارہ بحال کیا گیا۔