باسٹیر//سوریہ کمار یادو کی 76 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے منگل کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو چھ گیندوں پر سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز نے کائل میئرز کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں پر 164 رنز کا مشکل ہدف بنایا، جب کہ ہندوستان نے 19 اوورز میں تین وکٹ پر 165 رنز پر میچ جیت لیا۔ سوریہ نے 44 گیندوں پر 76 رنز کی اپنی شاندار اننگز میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگائے ، جس کے لیے انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ کپتان روہت شرما کے 11 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد سوریہ نے اسکورنگ کی ذمہ داری سنبھالی اور جب وہ دوسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 135 تک پہنچ چکا تھا۔ شریاس آئیر نے 24 رنز بنائے جبکہ رشبھ پنت نے ناٹ آؤٹ 33 رنز بنا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دیپک ہڈا 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پلیئر آف دی میچ سوریہ کمار یادو نے میچ کے بعد کہا کہ یہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں میری تیز ترین ففٹی ہے اور میں بہت خوش ہوں۔ جب روہت زخمی ہو کر باہر ہوئے تو ایک کھلاڑی کو اننگز کو اینکر کرنا تھا۔ پچ تھوڑی سست تھی۔ مجھے اوپنر کا کردار پسند ہے ۔ میں نے آئی پی ایل میں بھی اوپننگ کی ہے ۔ اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ونڈیز کو 57 رنز کی عمدہ اوپننگ پارٹنر شپ ملی۔ برینڈن کنگ نے 20 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے ۔ میئرز نے 50 گیندوں پر 73 رنز کی اپنی دھماکہ خیز اننگز میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ کپتان نکولس پورن نے 23 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بنائے ۔ روومین پاول نے 14 گیندوں پر 23 اور شمرون ہیٹمائر نے 12 گیندوں پر 20 رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز نے اس وقت اچھی شروعات کی جب اس کے اوپنرز نے تیز نصف سنچری کی شراکت قائم کی۔ لیکن ایک وکٹ گرنے کے بعد وہ سست ہوگئے ۔ تیسرے نمبر پر آنے والے کپتان پوران نے 23 گیندوں پر 22 رنز کی سست اننگز کھیلی۔ دوسرے سرے پر کائل میئرز مسلسل چوکے اور چھکے لگا رہے تھے ۔