نیوز ڈیسک
نئی دہلی// 2018 اور 2020 کے درمیان کل 4,794لوگوں کو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور گروہوں کے درمیان مذہب، نسل اور جائے پیدائش کی بنیاد پر دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے منگل کو لوک سبھا کو مطلع کیاکہ ان میں سے 2018 میں 1,716 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 2019 میں 1,315 اور 2020 میں 1,763 کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ28 ریاستوں اور آٹھ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں، اتر پردیش ان تین سالوں میں 628 گرفتاریوں کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد تمل ناڈو میں 613، کیرالہ میں 552 اور آندھرا پردیش میں 387گرفتاریاں ہوئیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں ایسے معاملات میں گرفتاریوں کی تعداد بہت کم تھی۔ تاہم، آسام میں 351 گرفتارہوئے جبکہ منی پور سے 23 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
دیگر ریاستوں جیسے تلنگانہ، گجرات اور راجستھان میں بھی بڑی تعداد میں کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ان تین سالوں میں جموں و کشمیر میں کل 34 گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ دہلی سے ایسی 31 گرفتاریاں کی گئیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے ذریعہ مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق، “لداخ، پڈوچیری، لکشدیپ اور چندی گڑھ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ایک بھی گرفتاری نہیں کی گئی۔”مقدمات درج کرنے کے معاملے میں، رائے نے کہا، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 2017 سے 29 جولائی 2022 کے درمیان مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں 17 مقدمات درج کیے ہیں۔ ان 17 معاملوں میں سے، این آئی اے نے 2017 میں ایک، 2018 میں چار، 2019 میں دو، 2020 اور 2021 میں تین تین، اور اس سال 29 جولائی تک چار کیس درج کیے ہیں۔