برمنگھم// (یو این آئی) ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز 2022 کے اپنے تیسرے میچ میں میزبان انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔ سویتا پونیا کی ٹیم اب تک اپنے پہلے دو میچوں میں گھانا (5-0) اور ویلز (3-1) کو شکست دے چکی ہے ۔دوسری جانب انگلش خواتین نے اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز گھانا کو 12-0 سے ہرا کر کیا جس کے بعد انہوں نے کینیڈا کو 1-0 سے شکست دی۔ اگر ہندوستان اپنے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو وہ پول اے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہوجائے گا۔کپتان سویتا نے میچ سے پہلے کہاکہ [؟]انگلینڈ ایک اچھی ٹیم ہے اور اسے برمنگھم میں گھریلو فائدہ ہے ۔ یہ ہمارے لیے ایک چیلنجنگ میچ ہوگا، لیکن ہم اپنی پہلی دو جیت کے بعد بھی اچھی فارم میں ہیں۔گولڈ کوسٹ 2018 کامن ویلتھ گیمز میں دونوں ٹیمیں پول-اے میں سرفہرست دو مقامات پر تھیں۔ ہندوستان کو گول کے فرق کی وجہ سے دوسرے مقام پر اکتفا کرنا پڑاتھا۔ ہندوستان نے پول اے کے میچ میں انگلینڈ کو (2-1) سے شکست دی لیکن کانسے کے تمغے کے پلے آف میں اسے 6-0 سے شکست ہوئی۔ ابھی حال ہی میں ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ اسپین اور نیدرلینڈز 2022 میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ 1-1 سے برابری پر ختم ہوا تھا۔سویتا نے پیر کو کہاکہ ‘‘ہم نے ماضی قریب میں انگلینڈ کے خلاف کچھ میچ کھیلے ہیں اس لیے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتی ہیں۔ انہوں نے ہمارے خلاف کچھ بڑے میچز بھی جیتے ہیں اس لیے وہ ایک مضبوط ٹیم ہے ، لیکن ہم نے اپنی تیاری کر لی ہے ۔ یہ مقابلے کا ایک اہم میچ ہے اور ہم اپنے ہدف پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔”ہندوستان اور انگلینڈ سخت حریف ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سال ٹوکیو اولمپکس میں ایک یادگار میچ کھیلا گیا تھا۔