برمنگھم//دولت مشترکہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے ایک شام پہلے کئی ہندوستانی ایتھلیٹوں نے کھیل گاوں میں ہندوستانی دستے کی پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا۔ برمنگھم میں ہندوستانی ٹیم کے سربراہ راجیش بھنڈاری نے ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی اواے ) کے قائم مقام صدر انل کھنہ اور دیگر کی موجودگی میں ترنگا لہرایا۔ تقریب میں ہندوستانی خواتین اور مردوں کی ہاکی ٹیموں سمیت کئی دیگر کھلاڑی بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔ افتتاحی تقریب میں پریڈ آف نیشنز میں ہندوستانی دستے سے زیادہ سے زیادہ 164 شرکاء حصہ لے سکتے ہیں، جہاں ٹاپ شٹلر پی وی سندھو اورمینزہاکی کے کپتان من پریت سنگھ دستے کے پرچم بردار ہوں گے ۔ ہندوستان نے دولت مشترکہ کھیلوں کے لیے 215 ایتھلیٹوں اور 107 عہدیداروں و معاون عملے سمیت 322 رکنی دستے کوبرمنگھم بھیجا ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑی 15 کھیلوں کے ساتھ ساتھ پیرا اسپورٹس زمرے میں چار کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔ ہندوستانی ٹیم اپنے گولڈ کوسٹ 2018 دولت مشترکہ کھیلوں کی کارکردگی میں بہتری لانا چاہے گی، جہاں یہ پاور ہاؤس آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد تیسرے مقام پر رہی تھی۔