دبئی// اگرچہ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 2-1 سے فتح حاصل کی لیکن ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جو مانچسٹر میں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شرکت نہیں کرپائے تھے انہیں تازہ ترین آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلا مقام گنوانا پڑا ہے ۔ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق بمراہ سے نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ مانچسٹر میں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پانچ وکٹوں کی شاندار جیت کے ہندوستان کے معمار رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے بھی درجہ بندی میں بڑا فائدہ اٹھایا ہے۔ پنت کی 113 گیندوں پر ناقابل شکست 125 رنز، ونڈے میں ان کی پہلی سنچری نے بائیں ہاتھ کے بیٹر کو 25 مقامامات کی ترقی سے 52 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے جبکہ پانڈیا 55 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد 50 ویں سے 42 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پانڈیا بھی 4/24 کے اسکور کے ساتھ بولنگ میں 25 درجے ترقی کرکے 70 ویں نمبر پر ہیں جبکہ لیگ اسپنر یوزویندر چہل 3/60 حاصل کرنے کے بعد 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے بیٹر راسی وان ڈیر ڈوسن نے منگل کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں 117 گیندوں پر 134 رنز بناکر مردوں کی ونڈے پلیئر رینکنگ میں کیریئر کی بہترین تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔