سرینگر//خانیار سرینگر میں آگ کی ایک ہولناک واردا ت میں دارالعلوم اور دو رہائشی مکانات خاکستر ہو گئے جبکہ میر یج ہال اور تین دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچ گیا ۔ لون محلہ نائوپورہ خانیار میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ آگ اس وقت ہولناک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے اپنے متصل کئی مکانوں کو اپنی لپیٹ میںلیا ۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی نوجوانوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی شروع کردی اور فوری طور محکمہ فائر ایند ایمر جنسی کو مطلع کیا گیاجنہوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی شروع کردی تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا جاتا تب تک آگ سے دارالعلوم اور دو رہائشی مکانات خاکستر ہو گئے تھے جبکہ میر یج ہال اور تین دیگر ڈھانچوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بروقت کارورائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی اس واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے آتشزدگی کی اس واردات پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے اور متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرین کے حق میں معقول مالی امداد کے علاوہ عارضی قیام و طعام کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کی بازآبادکاری ترجیحاتی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے۔ سی این آئی