سری نگر// شری امرناتھ جی یاترا مذہبی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران تقریباً دو لاکھ یاتریوں نے پتر گھپا کا دورہ کیا ہے۔ بتا دیں کہ یہ 43 روزہ یاترا 30 جون کو شروع ہوئی تھی اور 11 اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر ختم ہوگی۔ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ایک اہلکار کے مطابق، گزشتہ 21 دنوں کے دوران 219,755 یاتریوں نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں شری امرناتھ جی پوترا گھپا کا دورہ کیا ہے۔ دریں اثناء جمعرات کی صبح بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے 4,703 یاتریوں کا ایک اور قافلہ پہلگام اور بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان عازمین میں سے 2,100 عازمین بالتل بیس کیمپ گئے جبکہ 2,702 عازمین پہلگام بیس کیمپ گئے۔ یاترا کے دونوں راستوں پر ہیلی کاپٹر کی خدمات بھی دستیاب ہیں۔ دریں اثنا، بدھ کے روز پہلگام کے راستے پنچترنی میں ایک خیمے کے مالک کی قدرتی وجوہات کی وجہ سے موت ہوگئی، جس سے یاترا کے دوران قدرتی اموات کی تعداد اب تک 35 ہوگئی ہے۔ غور طلب ہے کہ 8 جولائی کو بلتل کے قریب بادل پھٹنے کے واقعہ میں 15 یاتریوں کی موت ہو گئی تھی۔
امرناتھ یاترا:تین ہفتوں کے دوران دو لاکھ یاتریوں نے گھپا کے درشن کیے