سری نگر//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے رولر ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سب ڈویژن اونتی پورہ میں تعینات ایک اسسٹنٹ انجینئر کو دو ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا اور اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ایک شخص نے بیورو میں شکایت درج کرائی کہ اسسٹنٹ انجینئر مشتاق احمد نجار سی ڈی آر کی رقم جاری کرنے کے لیے 2000 روپے کی رشوت مانگ رہا ہے۔
شکایت موصول ہوتے ہی اے سی بی نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 13 کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رشوت لینے والے انجینئر کو پکڑنے کے لیے اینٹی کرپشن بیورو نے جال بچھا دیا جس کے دوران اسسٹنٹ انجینئر شکایت کنندہ سے دو ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اسسٹنٹ انجینئر سے دو ہزار روپے برآمد اور ضبط کر لیے گئے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔