سری نگر// جموں وکشمیر سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے نارکور ملی ٹینسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں شمالی ضلع بارہ مولہ میں کئی مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران چند افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔
تفتیشی ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران اہم ثبوت ہاتھ لگے ہیں۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایاکہ منگل کے روز سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے)نے نارکو ملی ٹینسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں کئی مقامات پر چھاپے ڈالے ۔
انہوں نے کہاکہ گاندھی نگر جموں میں درج ایف آئی آر زیر 73کے سلسلے میں ایس آئی اے جموں نے کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر نامبلہ اوڑی میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔
اُن کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران سرحد پار سے منشیات اسمگلنگ اور اس سے ملی ٹینٹوں، علیحدگی پسندوں،جنگجو اعانت کاروں اور مہلوک جنگجووں کے گھر والوں کی مالی معاونت کے لئے فنڈ ز جمع کرنے کے بارے میں ٹھوس ثبوت ملے ہیں۔
علاوہ ازیں تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ نشہ آور اشیاء سے حاصل ہونے والی رقم سے یونین ٹریٹری کے خلاف جعلی اور غلط بیانیہ تیار کرنے کے علاوہ کچھ جعلی صحافیوں کی مالی معاونت کے لئے بھی استعمال میں لایا گیا اور یہ کہ مذکورہ جعلی صحافیوں نے سوشل میڈیا سائٹو ں کا استعمال کرکے ملی ٹینسی کی حمایت کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کا بھی کام کیا۔
بیان کے مطابق نار کو ملی ٹینسی فنڈنگ کیس میں ملوث کئی افرادکو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس نے اس ضمن میں پہلے ہی 6.9لاکھ روپیہ کی رقم ضبط کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے اور آنے والے دنوں کے دوران چھاپہ مارکارروائیوں کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔
ایس آئی اے کے بارہمولہ میں کئی مقامات پر چھاپے، چند ملزمان گرفتار