سمت بھارگو
راجوری //پونچھ ضلع کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک آگے کی جگہ پر پیر کو ایک حادثاتی دھماکے میں ایک آرمی کیپٹن اور ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) ہلاک جبکہ دیگر 4اہلکار زخمی ہوئے۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا، “پونچھ میں فارورڈ ایریا کے قریب ایک اتفاقی گرینیڈ دھماکہ ہوا، جس میں بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت سات فوجی زخمی ہو گئے‘‘۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا، ’’17 جولائی کی رات ایک اتفاقی گرینیڈ دھماکہ ہوا، جب ہندوستانی فوج کے دستے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے تھے‘‘۔ترجمان نے کہا”گرینیڈ دھماکے کے نتیجے میں چند فوجی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادھم پور کے کمانڈ ہسپتال منتقل کیا گیا‘‘۔
کرنل آنند نے کہا، “علاج کے دوران، کیپٹن آنند اور نائب صوبیدار(JCO) بھگوان سنگھ اپنے جان لیوا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔””کیپٹن آنند بہار کے بھاگلپور ضلع کے کے این جھا لین کا رہنے والا تھا، اور سب بھگوان سنگھ امبیڈکر نگر یوپی ضلع کے پوکھر بھٹا گاؤں کا رہنے والا تھا۔”کرنل آنند نے مزید کہا کہ جی او سی وائٹ نائٹ کور اور تمام رینکس بہادروں کو ان کی فرض شناسی میں ان کی عظیم قربانی کے لیے سلام پیش کرتے ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی عظیم قربانی کے لیے بہادروں کی مقروض رہے گی۔ ادھرجموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں پیرکے روز سیکورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے متصل جنگلی علاقوں کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔دفاعی ترجمان نے کہا کہ سانبہ کے منگو چیک علاقے میں اتوار کے روز پاکستانی ڈرون کی نقل وحرکت کے بعد فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جو پیر کے روز بھی جاری رہا۔
ان کے مطابق قصبے کو محفوظ رکھنے کے لئے جتنے بھی جنگل اور مضافاتی علاقے ہیں ان میں لگاتار آپریشنز کئے جاتے ہیں۔ادھر فوج کے ترجمان نے کہا کہ پیر کی صبح23 آر آر اور پولیس پوسٹ کھاری کے ذریعہ بزلہ، کھاری کی بلند پہاڑی علاقے میں تلاشی مہم شروع کی گئی۔ آپریشن پارٹی کی طرف سے ہڈوگن سرنیہال بزلہ جنگل سے پرانے ٹھکانے سے برآمد ہونے والے اسلحہ و گولہ بارود اور اشیاء (زنگ آلود) بر آمد کیا گیا۔تلاشی کارروائی کے دوران فریگمنٹیشن گرینیڈ چائنز1،راونڈس 35،پیکا گولیاں 7،اے کے 47میگزین 2، 9 ملی میٹر پستول راؤنڈ 7،ٹفن 2،مٹی کے تیل کا چولہا 1،ریڈیو سیٹ 1،یو بی جی ایل ایک، برتن،پولی تھین میں دھماکہ خیز مواد 1 کلو گرام ،سٹیل کے کنٹینر میں دھماکہ خیز مواد 2 کلو گرام ،پیناسونک کیسٹ پلیئر 1، تار کے ساتھ IED کا سامان 1،پاؤچ 1،برآمد ہونے والا تمام اسلحہ گولہ بارود اور سامان زنگ آلود ہے اور بہت پرانا معلوم ہوتا ہے۔
جموں اور راجوری میں ملی ٹینٹ نیٹ ورک
۔7اراکین اسلحہ سمیت گرفتار
جموں// پولیس نے پیر کو بتایا کہ جموں اور راجوری اضلاع میں لشکر طیبہ کے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا اور تنظیم کے سات ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ADGP) جموں ڈویڑن مکیش سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ راجوری ضلع میں دو گروہ کا پردہ فاش کیا گیا اور لشکر طیبہ کے پانچ ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں ضلع میں ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا اور لشکر طیبہ کے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا۔سنگھ نے کہا کہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ، جس میں دو اے کے رائفلیں، چھ پستول، تین سائلنسر، آٹھ گرینیڈ، تین یو بی جی ایل، چھ پستول میگزین، چھ اے کے میگزین، 120 راؤنڈ، کے علاوہ دیگر دھماکہ خیز مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔جموں میں پکڑا گیا لشکر طیبہ کا ماڈیول شہر کے کھٹیکا تالاب کے علاقے میں دو سال سے کام کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی سرحد کے ساتھ پاکستانی جانب سے ڈرون کے ذریعے گرائے جانے والے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کو جمع کرنے اور لے جانے میں ملوث تھا۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ اسے کھٹیکا تالاب کا ایک فیصل منیر چلا رہا تھا، جسے ڈوڈہ کے لشکر طیبہ کے بشیر نے ہدایت کی تھی، جو اس وقت پاکستان میں ہے۔
بمنہ سرینگر میںشاہراہ پر
۔6کلو آئی ای ڈی مواد برآمد، ایک گرفتار
سرینگر// پولیس نے پیر کو سری نگر جموں شاہراہ پر شام لال پٹرول پمپ کے قریب 6 کلو گرام آئی ای ڈی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق اس کیس میں گرفتار ایک زاہد احمد میر ولد ابو عزیز میر ساکن آری پانتھن بیروہ بڈگام کے انکشاف پر یہ برآمدگی عمل میں لائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران اس نے آئی ای ڈی مواد کو چھپانے کا انکشاف کیا اور پولیس ٹیم کو پی 3قسم کا دھماکہ خیز مواد (تقریباً 6 کلوگرام وزن)، ایک الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور تقریباً 500 گرام بال بیرنگ اور کیل برآمد کرنے کیلئے اسلحہ چھپانے کی جگہ کی نشاندہی کی۔ یہ بال بیرنگ اور کیل دھماکے کے دوران پراجیکٹائل/ شریپینل کے طور پر استعمال کیے جانے تھے ۔ برآمد ہونے والا دھماکہ خیز مواد آئی ای ڈیز بنانے کے لیے تھا، تاکہ قومی شاہراہ پر تعینات سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکے۔پولیس نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر/2022 99کے تحت بٹہ مالو پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ۔