بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر کے عازمین حج کی واپسی کا آغاز ہوگیا ہے۔سنیچر کو 145 عازمین کا پہلا قافلہ سعودی عرب میں فرائض حج کی ادائیگی کے بعد واپس سرینگر پہنچ گیا۔ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کشمیر کے ڈویژنل کمشنر پی کے پولے اور پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے حجاج کا استقبال کیا۔145 عازمین، جن میں 80 مرد اور 65 خواتین خواتین تھیں، ایک پرواز میں واپس آئے، جو صبح 7.50 پر ہوائی اڈے پر اتری۔اس سال جموں و کشمیر سے 6,000 سے زائد عازمین حج پر گئے ہوئے ہیں۔ COVID-19 کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد اس سال حج
دوبارہ شروع کیا گیا۔جموں کشمیر سے عازمین کو لے کر آخری واپسی پرواز 2 اگست کو یہاں پہنچے سرینگر ائیر پورٹ پر صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر سوجیت سنگھ، ڈپٹی کمشنر بڈگام، شہباز احمد مرزا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر، چیف ایگزیکٹو افسر جموں و کشمیر حج کمیٹی ڈاکٹرعبدالسلام میر، ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم اور دیگر افسران کے ہمراہ انکا استقبال کیا۔ حجاج کرام کے ساتھ بات چیت کے دوران صوبائی کمشنر نے انہیں حج کی ادائیگی اور مقدس سفر کے کامیاب اختتام پر مبارکباد دی۔
انہوں نے عازمین کے لئے کی گئی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔حجاج کرام نے وسیع انتظامات کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرصوبائی کمشنر کشمیر نے عازمین کی آسانی سے آمد کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ان کی آرام دہ گھر واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔واضح رہے کہ عازمین حج کی پہلی پرواز 5 جون کو سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔عازمین حج کی روانگی کی آخری پرواز 21 جون کو روانہ ہوئی تھی۔ 5جون سے 21جون تک 40پروازوں کے ذریعے عازم روانہ ہوئے تھے ۔
ائر پورٹ پر بھائی چارےکا انوکھا منظر
کشمیری پنڈتوں کا آرتی اور نعت کیساتھ حاجیوں کا استقبال
بلال فرقانی
سرینگر // ہفتہ کو کشمیر ایئر پورٹ پر اتحاد و بھائی چارے کا بڑا ہی انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ جب ایئرپورٹ پر حاجیوں کا پہلا دستہ نکلا توان کا استقبال کرنے کے لیے، ان کی آرتی اتارنے کے لیے بڑی تعداد میں کشمیری پنڈت موجود تھے۔ ملک کے اندر جہاں فرقہ پرست عناصر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کا استقبال کرکے ملک کے فرقہ پرست عناصر کو امن و شانتی اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد ہفتہ کو سرینگر کے شیخ العالم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 145 حاجیوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کرنے پہنچی جوحج کا فریضہ ادا کرکے سعودی عرب کے شہر مکہ سے واپس آئے تھے۔ وادی کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ایک مثالی مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری پنڈتوں نے کشمیری زبان میں نعت پڑھ کر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حاجیوں کا استقبال کیا۔
کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کو مبارکباد دی اور ان سے دعا کی درخواست کی۔ انہوں نے عازمین کو گلے لگایا اور پھول بھی پیش کئے۔کشمیری پنڈت برادری کے ارکان نے بھی نعتیں سنائیں۔اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔یہ ویڈیو، پی ڈی پی کے ترجمان موہت بھان نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا، جو خود کشمیری پنڈت برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا”ہمارے کشمیری پنڈت آج سرینگر کے ہوائی اڈے پر حاجیوں کا استقبال کرتے ہوئے روایتی نعت گا کر دعائیں مانگ رہے ہیں۔ یہ ہماری ہم آہنگی کی ثقافت ہے اسلام کے ماننے والے امرناتھ یاترا کے اہل ہیں اور شاوزم کے پیروکار اتحاد کے پیامبر ہیں‘‘۔