پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں 5ماہ بعد کورونا متاثرین کی تعداد 200سے زیادہ ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 11ہزار635ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2مسافروں سمیت مزید 224افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 17فروری کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 232افراد متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 56ہزار 829ہوگئی ہے۔اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 7ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4758بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے 7اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 13اضلاع میں 224افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ مثبت قرار دئے گئے 224افراد میں2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹے ہیں جبکہ دیگر 222افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ سنیچر کو متاثر ہونے والے 224افراد میں جموں صوبے میں 112جبکہ کشمیر صوبے میں 112افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔
کشمیر صوبے کے 4اضلاع اننت ناگ، بانڈی پورہ، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 6اضلاع میں 112افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے جن میں سرینگر میں سب سے زیادہ 88، بارہمولہ میں 7، بڈگام میں4،پلوامہ میں 5، کپوارہ میں 3 اور گاندربل میں 5افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 88ہزار 739ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 16ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2425بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں3اضلاع جن میں کشتواڑ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 7اضلاع میں 112افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 112افراد میں ایک بیرون ریاستوں سے واپس لوٹا جبکہ دیگر 111افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 112افراد میں ضلع جموں میں82،ادھمپور میں 2،ڈوڈہ میں4،کٹھوعہ میں 8، سانبہ میں ایک اور پونچھ میں 4افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 68ہزار 90ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں کورونا وائرس سے مسلسل 7ویں دن بھی کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2333بنی ہوئی ہے۔
چیف سیکریٹری کی عوام سے اپیل
’احتیاطی تدابیر کریں اور محفوظ رہیں‘
نیوز ڈیسک
سرینگر//کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر، چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بیماری سے متاثر ہونے کا خطرہ مول لینے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہتر ہے۔ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس متعدی وائرس کو دوبارہ پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی کوششوں کی تجدید کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ مثبت کیسز میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے لیکن اموات خوش قسمتی سے بہت کم ہیں۔ان حالات میں انہوں نے سب کو لازمی ایس او پیز کو نافذ کرنے کی تاکید کی جیسے کہ چہرے کے ماسک پہننا، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال وغیرہ۔
انہوں نے ان سب کی عمومی بھلائی کے لیے عوامی مقامات پر احتیاط برتنے اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔چیف سکریٹری نے لوگوں کو یہ بھی ترغیب دی کہ وہ احتیاطی خوراک لیں جو بھی اہل ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے پیمانے پر ویکسینیشن ہے جس نے پچھلی بار انسانی جانیں بچائی ہیں اور اس بار پھر لوگوں کو اپنی حفاظت اور تندرستی کے لیے مفت بوسٹر ڈوز لے کر سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ لوگوں کوعوام میں بیداری پیدا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وائرس بے قابو نہ ہو۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور ساتھ ہی ساتھ اقدامات کریں۔