یو این آئی
نئی دہلی// کورونا وباء سے نمٹنے کی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے ملک کے تمام بالغ شہریوں کو کووڈ ویکسین کی ‘بوسٹر خوراک’ مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں آزادی کا 75واں سال منایا جا رہا ہے ۔
اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 جولائی سے ملک میں 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو کووڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز مفت دی جائے گی۔ یہ مہم 15 جولائی سے اگلے 75 دنوں تک چلے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں 18 سے 60 سال کی عمر کے 80 کروڑ سے زائد آبادی کو فائدہ ہوگا۔ غور طلب ہے کہ کووڈ کی بوسٹر ویکسین پہلے ہی کورونا ہیروز اور بزرگ شہریوں کو مفت دی جارہی ہے ۔ اہل استفادہ کنندگان کو پچھلی ویکسینیشن کے بعد چھ ماہ کے وقفے سے کووڈ کی بوسٹر ویکسین دی جا سکتی ہے ۔دریں اثنا، صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے بتایا کہ آج صبح 7 بجے تک 199 کروڑ 12 لاکھ 79 ہزار 10 ویکسین دی گئی ہیں۔ملک میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران مزید16,906نئے کیسزسامنے آئے جبکہ،45ہلاکتوں کا اضافہ ہوا۔
۔4دن بعد تعداد میں پھر اضافہ
۔140افراد متاثر، 76 کیساتھ جموں سرفہرست
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں ایک مرتبہ پھر کورونا متاثرین میں اضافہ ہوا ہے ۔بدھ کو 4دنوں کے بعد جموں و کشمیر میںکورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 8ہزار 539ٹیسٹ کئے گئے جن میں ایک مسافر سمیت 140افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 9جولائی کو کورونا وائرس سے 146افراد متاثر ہوئے تھے۔
اس دوران چوتھے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4758بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے 11اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 9اضلاع میں 140افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ وائرس سے متاثر ہونے والے 140افراد میں جموں میں 96جبکہ کشمیر میں 44افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے کے 7اضلاع جن میں بارہمولہ، بڈگام، پلوامہ، اننت ناگ، کپوارہ ، بانڈی پورہ اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 3اضلاع میں 44افراد مثبت قرار دئے گئے۔ کشمیر صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 44افراد میں سرینگر میں 41، گاندربل میں 2جبکہ کولگام میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 88ہزار 498ہوگئی ہے۔ وادی میں مسلسل 13ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔
متوفین کی مجموعی تعداد 2425بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 4اضلاع جن میں کشتواڑ،پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 6اضلاع میں 96افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 96افراد میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹا جبکہ دیگر 95افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 96افراد میں سب سے زیادہ 74افراد ضلع جموں، راجوری میں 11، راجوری میں 3، ڈوڈہ میں 4، کٹھوعہ میں 2 جبکہ سانبہ میں 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 67ہزار 793ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں چوتھے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2333بنی ہوئی ہے۔