سری نگر// ناساز موسمی حالات کے باعث ایک روز بند رہنے کے بعد شری امرناتھ یاترا پیر کی صبح زائد از چار ہزار یاتریوں کے بیس کیمپوں کی طرف روانگی کے ساتھ بحال ہوگئی۔
بتادیں کہ خراب موسمی حالات کے باعث یاترا کو اتوار کے روز معطل کر دیا گیا تھا اور کسی بھی قافلے کو بیس کیمپوں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ بھگوتی نگر یاتری نوا س سے پیر کی صبح 4 ہزار26 یاتری 110 گاڑیوں میں پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں 3 ہزار1 سو92 مرد،641 خواتین، 13 بچے،174 سادھو اور6 سادھویں شامل تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے پیر کی صبح قریب ساڑھے تین بجے بھوتی نگر بیس کیمپ سے ایک ہزار سولہ یاتری 35 گاڑیوں میں بالتل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوگئے اور اس کے بعد 2 ہزار4 سو 25 یاتری 75 گاڑیوں میں پہلگام کی طرف روانہ ہوگئے۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ ننون بیس کیمپ سے یاتریوں کے تازہ قافلے کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی جو منگل کو وہاں پہنچ جائیں گے۔
دریں اثنا فوج نے پوتر گھپا کے باہر ایک عارضی سیڑھی تعمیر کی ہے کیونکہ پوتر گھپا کی طرف جانے والا راستے کو جمعے کے روز بادل پھٹنے سے ہونے والی لینڈ سلائنڈنگ سے نقصان ہوا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 30 جون سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک قریب سوا لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
بالتل کے نزدیک جمعے کے روز بادل پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں 16 یاتری از جان ہوئے تھے۔
امرناتھ یاترا تین دن کے بعد دوبارہ شروع