بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر سمیت بر صغیر ہندوپاک میں آج عید الاضحی روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے جس کے دوران مسلمان لاکھوں جانوروںکی قربانی پیش کر رہے ہیں۔ عیدالاضحی حضرت ابراہیم کے اس ایمانی جذبے کی یاد میں منائی جاتی ہے جس کے تحت وہ باری تعالیٰ کے حکم پر اپنے فرزند حضرت اسماعیلؑ کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے پرآمادہ ہوئے تھے۔ اسی قربانی کے جذبے کے تحت مسلمانوں پر عیدالاضحی کے موقعے پر کسی حلال جانور کو قربان کرنا واجب قراردیا گیا ہے ، اور ہر سال اس موقعہ پر اس دن کی مناسبت سے دنیا کے ہر خطے کے مسلمان قربانی پیش کرتے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حج بیت اللہ کی ادائیگی بھی اسی روز اختتامی مراحل سے گذرتی ہے۔ عید کے موقعہ پر وادی بھر میں بڑے بڑے روح پرور اجتماعات منعقد ہورہے ہیں اور لاکھوں فرزندان توحید عید نماز میں اللہ کے حضور سربسجود ہورہے ہیں۔ عید کے سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات سرینگر کی تاریخی جامع مسجداورآثار شریف درگاہ حضرت بل میںمنعقد ہورہے ہیںجہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی ان اجتماعات میں شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات کے ساتھ ساتھ عید گاہوں ، تمام چھوٹی بڑی مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ عید نماز کے بعد جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگاجو تیسری عید کی سہ پہر تک جاری رہے گا۔دریں اثناء دنیا بھرسے تعلق رکھنے والے10لاکھ حجاج کرام مکہ مکرمہ میں مناسک حج ادا کررہے ہیں، جسکا آخری روز پیر کو ہے۔
۔لاکھوں حاجیوں نے جمعہ کوحج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جس کے بعد انہوں نے مزدلفہ میں مغرب اورعشاکی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں اورمزدلفہ میںرات گزارنے کے بعد سنیچر کو نماز فجر کے بعد عازمین حج نے منیٰ میں جمرہ العقبہ پررمی کرنے کے بعد اللہ کی راہ میں قربانی دی۔ کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد سرمنڈوا کر انہوں نے احرام کھول دیئے۔مناسک حج پیر کو اختتام پذیر ہورہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد
فاروق، عمر، بخاری اور ڈی جی کے تہنیتی پیغامات
نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عید الا ضحی کے پرمسرت موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔اپنے پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ یہ تہوار انسانیت کے اتحاد میں ہمارے ایمان کی توثیق کرنے اور غریبوں اور پسماندہ افراد کے لیے خیراتی کام کرنے کا موقع ہے۔دعا ہے کہ عید کا یہ پرمسرت تہوار بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرے اور سب کے لیے امن، خوشی اور مسرت لائے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بھی عید الاضحی کے مقدس موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔
نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق اور نائب صدر عمر عبداللہ نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قربانی اور ایثار کی علامت کی بہت بڑی نشانی ہے اور اِس کا دوسرا کوئی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہمیں یہ عید انتہائی سادگی کے ساتھ منانی چاہئے ۔ انہوں نے اہل ریاست سے اپیل کی کہ وہ عید کے دوران اپنے اُن پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوست و احباب کا خاص خیال رکھیں۔اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا، میں عید کے اس مقدس موقعے پر جموں کشمیر کے عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بخاری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم دن پر امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا، جموں کشمیر کے لوگ ایک طویل عرصہ سے ناسازگار حالات کا سامنا کررہے ہیں اور پر تشدد دور سے گزررہے ہیں۔
ڈائرکٹر جنرل آف پولیس شری دلباغ سنگھ نے عیدکے پرمسرت موقع پر جموں و کشمیر کے عوام، شہدا کے خاندانوں، پولیس کے تمام رینکوں، سیکورٹی فورسز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔