غلام نبی رینہ
بالتل ( سونہ مرگ)//جمعہ کی شام پانچ بجے کے قریب امرناتھ گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے سے سنیچر کی شام تک 16افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ40 سے زائد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔اس دوران 15ہزار یاتریوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ۔جمعہ کی شام15لاشوں جن میں خواتین اور مرد شامل تھے کی لاشیں برآمد کی گئی تھیں۔ رات کے ساڑھے گیارہ بجے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا۔ سنیچر کی صبح ساڑھے چار بجے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا اور اس دوران ایک اور لاش برآمد کی گئی جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد 16تک پہنچ گئی ہے۔
ریسکیو آپریشن
سنیچرکی صبح سے ہی امرناتھ گھپا سے لاشوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نیلہ گراٹھ لایا گیا جہاں سے ان کو پولیس کنٹرول روم سرینگر منتقل کیا گیا۔شرائین بورڈ کے مطابق62افراد کو بچالیا گیا جنہیں اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سنیچر کی سہ پہر 35افراد جن کو علاج و معالجہ کے بعد ہسپتال سے رخصت کیا گیا تاہم17زخمی ابھی بھی زیر علاج ہیں۔حکام نے بتایا کہ 40 سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں، اور ہندوستانی فوج، ہندوستانی فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور دیگر ریسکیو آپریشنز میں شامل ہیں۔ بچاؤ کارروائیاں جاری رہنے کی وجہ سے پیدل یاترا کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کے ڈی جی اتل کروال نے کہا کہ “16 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے اور لگ بھگ 40 اب بھی لاپتہ ہیں۔”
انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) نے ہفتہ کو بتایا کہ جمعہ کو امرناتھ کے قریب بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد اب تک تقریباً 15,000 لوگوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں، ITBP نے کہا، “زیادہ تر یاتری جو غار کے علاقے کے قریب سیلاب کی وجہ سے پھنسے ہوئے تھے، کو پنجترنی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ITBP نے کہا کہ ریسکیو آپریشن صبح 3.38 بجے تک جاری رہا، کوئی یاتری ٹریک پر نہیں بچا ہے۔ اب تک تقریباً 15,000 لوگوں کو بحفاظت منتقل کیا گیا ہے۔” حکام نے بتایا کہ بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقوں کے قریب مسلسل ملبہ صاف کرنا اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ آئی اے ایف حکام نے بتایا کہ 29 لوگوں کو انہوں نے بچایا جن میں سے 9 شدید زخمی ہیں۔ بی ایس ایف کے MI-17 ہیلی کاپٹر کو زخمی افراد اور لاشوں کو نیل گرہ ہیلی پیڈ/بالتل سے بی ایس ایف کیمپ سرینگر تک علاج یا لاشوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے لیے کام پر لگایا گیا ہے۔ہندوستانی فضائیہ نے گھپا کے مقام پر امدادی کارروائیوں کیلئے سرینگر سے 2 ہیلی کاپٹر تعینات کیے ہیں۔ آئی اے ایف حکام نے بتایا کہ ایک AN-32 اور Ilyushin-76 ٹرانسپورٹ طیارے مزید ضروریات کے لیے چندی گڑھ میںتیار رکھے گئے ہیں۔