سری نگر//فوج کا کہنا ہے کہ وہ شری امرناتھ یاترا کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعے سے زخمی ہونے والے یاتریوں کے لئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
بتادیں کہ جمعے کے روز شری امر ناتھ گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں کم سے کم 15 یاتری از جان جبکہ درجنوں لاپتہ ہوئے تھے۔
سری نگر نشین فوجی ترجمان کرنل عمران موسوی نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ امر ناتھ پوتر گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعے کی خبر موصول ہوتے ہی ریسکیو ٹیم جائے موقع کی طرف روانہ کی گئی۔
انہوں نے کہا: ’کرنل کی قیادت میں انفنٹری بٹالین کیوک ری ایکشن ٹیموں، آر آر سے وابستہ فوجی اہلکاروں کی اضافی کمپنیوں اور سپیشل فورسز کی ایک ٹیم کے ہمراہ جدید بچاؤ ساز و سامان سے لیس آپریشنز انجام دینے کے لئے پوتر گھپا پہنچ گئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ آر آر کے کمانڈ سیکٹر اور انفنٹری بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر رات بھر ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کرتے رہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ لاپتہ یاتریوں کی تلاش، ریسکیو اور میڈیکل کاوشیں صبح کی پو پھوٹنے تک جاری رہی اور صبح کے پونے سات بجے پہلا اے ایل ایچ زخمیوں کو نکالنے کے لئے جائے موقع پر پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی اور سولین ہیلی کاپٹرس زخمیوں اور مہلوکین کو نکلانے کے لئے کام پر لگے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک پندرہ لاشوں کو پوتر گھپا سے نیلا گر پہنچایا گیا اور درماندہ یاتریوں کو سیکورٹی فورسز بالتل لے جا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا اور کلو فورس کے جی او سی میجر جنرل سنجیو سنگھ سلاریہ ہفتے کی صبح پوتر گھپا پہنچے اور وہاں جاری ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج کسی بھی صورتحال میں یاتریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
یاتریوں کے لئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے:فوج