محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ جمعہ کو رام بن ضلع میں کئی مقامات پر بھاری بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت قریب 7 گھنٹوں تک بند کر دی گئی۔حکام نے کہا کہ چند سو گاڑیاں، جن میں امرناتھ یاتریوں کا ایک قافلہ بھی شامل تھا، شاہراہ کے مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن پردیپ سین نے بتایا کہ صبح 3 سے 4 بجے کے درمیان رام بن سیکٹر میں شدید بارش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو مہار، کیفے ٹیریا موڈ، چمبہ، انوکھی فال، کیلاموڈ اور پنتھیال میں بند کر دیا گیا، کیونکہ دوران شب ہی چھ مقامات پر پتھر، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرآئے۔ ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائی وے کو کلیئر کرنے کا کام صبح سویرے شروع کردیا گیا اور ٹریفک کی بحالی میں کم از کم 7 گھنٹے لگے۔ انکا کہنا تھا کہ صبح ساڑھے 9بجے شاہراہ کی بحالی کا کام مکمل ہوگیا جس کے بعد پہلے یاترا گاڑیوں کو جانے دیا گیا جنہیں قریب دو گھنٹے تک چندر کوٹ میں شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ قریب 250مال بردار گاڑیاں، جو جموں جانے والی تھیں،کو رام سو اور رام بن کے درمیان درماندہ تھیں۔