بانہال//سری نگر جموں قومی شاہراہ جمعہ کی صبح کئی مقامات پر پسیاںگرآنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
وہیں جموں سری نگر شاہراہ کئی مقامات پر بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں امرناتھ یاتری شاہراہ پر پھنس گئے ہیں۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن پردیپ سین نے بتایا کہ قومی شاہراہ 44 کو میہاڑ، کیفے ٹیریا موڑ، چمبہ، کیلاموڈ اور پنتھیال میں صبح ہوئی بارش کے دوران گرآئی پسیوں اور پتھراو کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
پردیپ سین نے کہا کہ بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ شاہراہ بحال ہونے میں 2 سے 3 گھنٹے درکار ہیں۔
یاتریوں کو یاتری نواس چندر کوٹ میں روک دیا گیا ہے، افسر نے کہا کہ بالتل اور پہلگام کے راستے 6000 سے زیادہ یاتریوں کو اننت ناگ میں گپھا کے درشن کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہراہ کی کلیئرنس تک کسی بھی طرف سے نئی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دریں اثنا، زوجیلا ایکسز کی مرمت کے پیش نظر سری نگر-سونامرگ-گمری سڑک کو بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ جموں خطہ کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک جاری ہے۔