محمد تسکین +غلام نبی رینہ
بانہال +کنگن// رام نگرادہمپور میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3افراد ہلاک جبکہ 40سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ادھر کنگن میں ایک تیز رفتار سکوٹی مخالف سمت سے آرہی ٹاٹا سومو کے نتیجے آگئی جس کے نتیجے میں 2افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ادھم پور ضلع میں جمعرات کو شادی کی پارٹی کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہونے کے بعد کم از کم تین افراد کی موت اور 40سے زائد زخمی ہوئے۔ضلع انتظامیہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ گاڑی میں 48افراد سوار تھے جو سبھی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں کو موقع پر پہنچا دیا گیا اور ریسکیو آپریشن میںمقامی لوگ بھی شریک رہے۔ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ بس (رجسٹریشن نمبر 5050) سڑک سے پھسل کر سڑک کے کنارے 100 میٹر گہری کھائی میں جاگری۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ بس رام نگر کے گونڈیا گاؤں سے شادی کی پارٹی لے کر جا رہی تھی۔ادھر کنگن میں ٹاٹا سومو اور سکوٹی کے درمیان شدید ٹکر کے باعث دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے۔ سرینگر لیہہ شاہراہ پر مرگنڈ کنگن کے مقام پر ٹاٹا سومو زیر نمبر2791/JK16 اور سکوٹی زیر نمبر 3354/JK16B کے درمیان شدید ٹکر ہوگئی جس کے باعث سکوٹی ، ٹاٹا سومو کے نیچے آگئی اور اس پر سوار 25سالہ سمیر احمد ولد غلام محمد خان ساکن ٹنگ چھتر کنگن اور 24سالہ مظفر امجد ولد نذیر احمد نجار ساکن مرگنڈ کنگن لقمہ اجل بن گئے۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ٹراما ہسپتال کنگن ڈاکٹر سلمہ بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے میں ایک نوجوان کی موقع پر موت واقع ہوئی تھی جبکہ دوسرا نوجوان ہسپتال پہچانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔یاد رہے کہ منگل کو کسانہ پتی گنی ون میں مامر کنگن کا ایک جواں سال سکوٹی سوار ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا تھا۔
ایل جی کا اظہار افسوس
ایگس گریشیا کا اعلان
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر نے ادھم پور بس حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ہر ایک کو 50,000 روپے اور حکومت ان کے علاج کا خرچ برداشت کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس ناخوشگوار واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کا بہترین علاج یقینی بنایا جائے۔