نیوز ڈیسک
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی پر فیصلہ کن تسلط قائم کر لیا ہے۔انہوں نے کہا “آج، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں، جموں و کشمیر امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سنہا نے پی ایم مودی کی قیادت میں وہاں دہشت گردی پر فیصلہ کن تسلط قائم کیا ہے‘‘ ۔
وزیر داخلہ سوناور میں فلسفی اور سماجی مصلح رامانوجچاریہ کے ’اسٹیچو آف پیس‘ کی نقاب کشائی کے بعد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔شاہ نے کہا کہ سنہا کی قیادت والی انتظامیہ نے بھی کشمیر کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز کے ترقی فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا”ایک طویل عرصے سے، قوم کو یہ امید تھی کہ آرٹیکل 370 اور 35A کو ہٹا کر جموں و کشمیر ناقابل واپسی طور پر قوم کے ساتھ ضم ہو جائے گا، اور یہ امید وزیر اعظم نریندر مودی نے پوری کی، 5 اگست 2019 کو کشمیر میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ سکون محسوس کر رہے ہیں کہ سرینگر میں سوریا (سورج) مندر کی بحالی اور تزئین و آرائش کی گئی ہے ۔شاہ نے کہا’’سرینگر میں امن کے مجسمے کی نقاب کشائی ہندوستان کے لوگوں، خاص طور پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک اچھی علامت ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے یقین ہے کہ امن کا مجسمہ کشمیر میں تمام مذاہب کے لوگوں تک رامانوجچاریہ کی برکات اور تعلیمات لائے گا اور انہیں امن اور ترقی کی راہ پر لے جائے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشمیر میں بادشاہ نے نہ صرف اپنی لائبریری کے دروازے کھولے بلکہ سوامی رامانوجچاریہ کا استقبال بھی کیا۔‘‘چار فٹ اونچے مجسمے میں دکھایا گیا ہے کہ رامانوجچاریہ ہاتھ جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ سفید گرینائٹ سے تراشے گئے 600 کلو وزنی مجسمے کو زمین سے تین فٹ اوپر رکھا گیا ہے۔
امن کا مجسمہ
اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام:سنہا
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو سرینگر کے سوریار مندر میں وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ سوامی رامانوجچاریہ جی کے مجسمہ امن کی نقاب کشائی میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جگد گرو ملک کے دائمی امن، اتحاد اور سالمیت، سماجی اصلاح اور معاشرے کے پسماندہ لوگوں کی بہتری کے لیے ایک تحریک ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ” امن کا مجسمہ کی تنصیب کے ساتھ، جموں و کشمیر دنیا کو امن، اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دے رہا ہے۔ مجھے یقین ہے، رامانوجچاریہ کی زندگی اور پیغام، جو تمام انسانوں کی امن، محبت، سچائی اور برابری پر زور دیتا ہے، جموں و کشمیر کے لوگوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتا رہے گا۔