راجوری کے تریرو گاؤں کی ایک تیرہ سالہ نوجوان لڑکی بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئی، جس کے بعد لڑکی کے اہل خانہ نے محکمہ بجلی کے فیلڈ عملہ پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔حادثے میں لقمہ اجل بنی لڑکی کی شناخت دیواکشی دختر شام لال ساکن تریرو کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ لڑکی اپنے گھر کے قریب موجود تھی اور اس نے بجلی کے کھمبے کو چھوا اور اسے زور دار کرنٹ لگا۔
لوگوں نے بتایا،”کرنٹ لگنے کے بعد وہ بے ہوش ہو گئی اور اسے اس کے گھر والے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کالاکوٹ لے گئے جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا”۔
انہوں نے محکمہ بجلی کے فیلڈ سٹاف اور انجینئرز پر سنگین غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی زیادہ تر وائرنگ اور بجلی کے کھمبے ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے لوگوں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں اور محکمہ کو کوئی پرواہ نہیں۔
آخری اطلاعات ملنے تک مقتول کی لاش سی ایچ سی کالاکوٹ میں تھی۔