پولیس خواتین بٹالینوںمیں بھرتی
جون کے دوسرے ہفتے میں ٹیسٹ لیاجائے گا
سرینگر//پولیس بھرتی بورڈ کے چیئرمین نے مطلع کیا ہے کہ جن امیدواروں نے جموں کشمیر پولیس کی دوخواتین بٹالینوں میں بھرتی ہونے کیلئے درخواستیں دی ہیں ،اُن کا جسمانی قوت کاٹیسٹ اورفزیکل اسٹینڈارڈ ٹیسٹ جون کے دوسرے ہفتے میں لیاجائے گا۔اس حوالے سے الگ سے تفصیلی شیڈول مشتہر کیا جائے گا۔
بانڈی پورہ CISFاہلکار کی پُراسرارموت
اننت ناگ میں آٹورکشا میں نوجوان مردہ پایا گیا
عازم جان+عارف بلوچ
اننت ناگ+بانڈی پورہ//شمال و جنوب میں دو الگ الگ مقامات پر دو افراد کی لاشیں پُرسرارحالات میںپائی گئیں ۔ معلوم ہو اہے کہ بانڈی پورہ میں نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ (این ایچ پی سی ایل) کی حفاظت پرتعینات سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کے ایک اہلکار کو جمعرات کی صبح اپنے کمرے میں پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سی ایس ایف اہلکار کی لاش پائے جانے کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی وہاں سراسیمگی پھیل گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اورپولیس کو مطلع کیا گیا ۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں این ایچ پی سی ایل پروجیکٹ پر جمعرات کو سی آئی ایس ایف کے ایک اہلکار کو اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔متوفی کی شناخت اصغر علی ولد نظام الدین ساکن بہار کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثنا ء جنوبی ضلع اننت ناگ کے چینی چوک میں جمعرات کو آٹو رکشا میں ایک24 سالہ نوجوان کی لاش پائی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے چینی چوک میں جمعرات کو تحسین گل ولد گل محمد درزی ساکنہ ملکھ ناگ نامی ایک جوان کی لاش ایک آٹو رکشا میں دیکھی گئی جس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا گیا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
فیئرپرائس شاپ نیٹ ورک سے عوامی تقسیم کاری خدمات کی فراہمی
محکمہ خوراک وشہری رسدات اورگورننس سروسزانڈیا کے مابین مفاہمت نامے پردستخط
سری نگر//عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے ایک اہم قدم کے طور پر سی اے اینڈ ایف سی ایس او رسی ایس سی اِی ۔گورننس سروسز اِنڈیا لمٹیڈ کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ۔ جس میں یہاں فیئر پرائس شاپس نیٹ ورک سے مناسب قیمت پر شہریوں کو تمام قسم کی سی ایس سی او رپی ڈی ایس خدمات فراہم کی جائیں گی۔مفاہمت نامے پر ایڈیشنل سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ڈیپارٹمنٹ جگل کشور آنند، ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شاہنوار رشید نے سی ایس سی ، اِی ۔ گورننس سروسز اِنڈیا لمٹیڈ کی طرف سے کمشنر سیکرٹری محکمہ فوڈ ، سول سپلائز او رکنزیو مر افیئر س زبیر احمد کی موجودگی میں دستخط کئے۔مرکزی حکومت نے ایف پی ایس کے اِی۔ پی او ایس آلات سے فائدہ اُٹھانے کے لئے ان کی مالی قابل عملیت کو فروغ دینے کے لئے چند اِقدامات کی نشاندہی کی ہے ۔ایسا ہی ایک اقدام ایف پی ایس سے سی ایس سی خدمات فراہم کرنا ہے ۔یہ اس پس منظر میں ہے کہ جموںوکشمیر حکومت نے اَپنی خدمات کی فراہمی کے لئے ایف پی ایس کے اِی۔ پی او ایس ڈیو ائسز کا فائدہ اُٹھانے کے لئے سی ایس سی کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔اِس اقدام کو تمام شراکت داروں بالخصوص ایف پی ایس ڈیلروں او راستفادہ کنند گان کے لئے ایک بہتر صورتحال کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے کیوں کہ سی ایس سی خدمات فائدہ اُٹھانے والوں کو گھر کے دروازے پر یہاں تک کہ دوردراز مقامات تک بھی پہنچائی جائیں گی ۔بدلے میں ایف پی ایس ڈیلر اَپنے ایف پی ایس سے فراہم کردہ خدمات کے خلاف سروس چارج کی شکل میں اِضافی آمدنی حاصل کریں گے ۔اِس اقدام سے فائدہ اُٹھانا ایف پی ایس کے لئے اِختیاری رکھا گیا ہے۔ایف پی ایس ڈیلروں ہر ڈیلیور کردہ سروس کے بدلے فائدہ اُٹھانے والوں سے سروس چارج وصول کریں گے ۔ ڈیجیٹل سیو ا پورٹل پر ہر سروس کے لئے سروس چارج متعلقہ محکموں کے ذریعے طے کیا گیا ہے جبکہ پی ڈی ایس خدمات کے لئے سروس چارج کی وضاحت محکمہ خوراک ، شہری سپلائی او رکنزیو افیئرس کرے گی۔
سینٹرل یونیورسٹی اورGIANکے درمیان مفاہمت نامے پردستخط
گاندربل//جموں کشمیرمیں اختراع اوردیگرترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے ڈیزائن اورانویشن سینٹر نے گراس روٹ انویشنزآگمینٹیشن نیٹ ورک (GIAN) حیدرآباد کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پردستحط کئے ہیں ۔اس موقعہ پریونیورسٹی کے رجسٹرارروفیسرمحمدافضل زرگر ،ڈائریکٹر ڈی آئی سی اینڈفائنانس افسرپروفیسر فیاض نیکا اوردیگراعلیٰ حکام موجودتھے۔اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے پروفیسرمحمدافضل زرگر نے کہا کہ اس مفاہمت نامے سے عنقریب ایک نئے دورکاآغازہوگااور یونیورسٹی میں کاروبار اور کاروباری تعلیم کو فروغ ملے گا۔یہ اختراعات اداروں کے تال میل سے کامیاب ہوں گے اوریہ مفاہمت نامہ اس کی ایک پہل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی GIANکو یہ قسم کاتعاون بہم رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی نے بھی اختراعات ،ہنرمندی کی ترقی ،روایتی معلومات کی ستائش کے علاوہ جدید تٰکنالوجی پرزوردیا گیا ہے اورفیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ طلاب کواپنے چھپے ہنروں اورصلاحیتوں کوباہر نکالنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرے۔
دفتر میں چیف فٹنس افسر کو تعینات کیا جائے.RTO
سرینگر// مسافربردار ٹرانسپوٹروں نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں اہم افسراں کی کرسیوں کو خالی رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری سے انہیں مالی خسارے سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔ کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری شیخ محمد یوسف نے بتایا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ دفتر میں چیف فٹنس افسر کا تبادلہ عمل میں لایا گیا،جس کے بعد کسی نئے افسر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے جہاں ٹرانسپوٹروں کی گاڑیاں فٹنس کے مرحل سے گزرنے کے بجائے ایک ہی جگہ کھڑی ہیں اور انہیں مالی نقصانات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے وہیںمتعلقہ محکمہ کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی سزا ٹرانسپوٹروں کو جھیلنی پڑتی ہے۔انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ انکی گاڑیوں کو فٹنس کی وجہ سے چالان کیا جا رہا ہے اور انہیں بے وجہ جرمانہ کی اداکرنا پڑ رہاہے،جبکہ اس معاملے میں ٹرانسپوٹروں کا کوئی بھی قصور نہیں ہے۔ شیخ محمد یوسف نے کا کہنا تھا کہ گزشتہ3برسوں سے پہلے ہی ٹرانسپورٹ شعبے کو کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں اور اب انتظامی غفلت اور کوتاہیوں کی وجہ سے ا س میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر چیف فٹنس افسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اوراس بنیاد پر ٹرانسپوٹروں کی گاڑیوں پر جرمانہ کی کاروائی کو بھی بند کیا جائے۔
پالپورہ سونہ وار کی سڑک خستہ حال
عبور ومرور میں مشکلات،حکام سے مداخلت کی اپیل
بلال فرقانی
سرینگر// سرینگر کے سونہ وار کے شہریوں نے الزام عائد کیا کہ انکے علاقے میں سڑکوں کو ٹھیک نہیں کیا گیا۔ پالپورہ سونہ وارکے لوگوں نے بتایا کہ انکے علاقے کی سڑک اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ اس پر عبور و مرور ناممکن ہوگیا ہے،جس کے نتیجے میں بچوں اور بزرگوں کے علاوہ بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محمد اسلم نامی ایک شہری نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کیلئے با ضابطہ طور پر ٹینڈر بھی طلب کیا گیا تھااور لوگ بھی اس بات کی امید لگائے ہوئے تھے کہ ان کے علاقے کی سڑک کی مرمت کی جائے گی تاہم موسم سرما کی آمد بھی ہوئی اور انکے علاقے کی سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر دیگر علاقے کے لوگوں کے ساتھ ساز باز کرکے اس کام کو نزدیکی علاقے میں منتقل کرنے کا الزام عائد کیا۔ طاہر احمد ایک اور شہری نے کہا’’ نزدیکی علاقے سے تعلق رکھنی والی ایک خاتون کونسلر نے انکے علاقے کو نظر انداز کرکے اس سڑک کا کام بھی اپنے علاقے میں کریا اور سونہ وار کے لوگ پھر سے تشنہ طلب رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ انہوں نے میئر اور ڈپٹی میئر کے علاوہ متعلقہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی نوٹس میں بھی لایا تاہم ابھی تک زمینی سطح پر انکا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے کی مرمت کا کام فوری طور پر ہاتھوں میں لیا جائے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
اونتی پورہ اورکرالہ گنڈ میں 4افرادگرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے اونتی پورہ اور ہندوارہ میں4افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمدکیا۔ پولیس چوکی ریشی پورہ اوتنی پورہ کی پولیس پارٹی نے لڈرمڈ کراسنگ کے نزدیک فاروق احمد لون ساکن کولپورہ پلوامہ نامی شہری کو گرفتار کیا۔ مذکورہ شہری کو اُس وقت گرفتارکیاگیا جب وہ لڈر مڈ کراسنگ کے نزدیک مشتبہ حالت میں گھوم رہاتھا۔ مذکورہ شہری کے قبضے سے ممنوعہ چرس نمو شے برآمد ہوئی ۔اونتی پورہ تھانہ میںاس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر91/2022 درج کیا گیا۔ اس دوران کرالہ گنڈ ہندوارہ کی پولیس پارٹی نے بارہمولہ ہندوارہ سڑک پر راس پورہ کے نزدیک 3 افرادکو مشتبہ حالت میں پایا جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تینوں کو گرفتارکیا ۔تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے چرس نمو شے برآمد ہوئی ۔ گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت آصف رسول خان ، عارف احمد نجار ساکنان بیگ پورہ کرالہ گنڈ اور مظفر احمد بٹ ساکن کرالہ گنڈ کے بطو رہوئی ہے۔ تھانہ پولیس کرالہ گنڈ نے ان کے خلاف کیس زیر ایف آئی آرنمبر26/2022 درج کرلیا ہے ۔جے کے این ایس
پنشن میں تاخیر اورماہانہ اجرتوں کی عدم ادائیگی
رفیع میر کو کھریوورکرز یونین لمیٹیڈکا وفد ملاقی
سرینگر// ورکرز یونین سیمنٹ لمیٹیڈ کھریو کے ایک وفد نے اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میرسے ملاقات کی اور پنشن میں تاخیر اور پچھلے دو سالوں سے ماہانہ اجرتوں کی عدم ادائیگی سے متعلق مسائل کو ان کی نوٹس میں لایا۔ وفد کی قیادت سینئرلیڈر اور اپنی پارٹی کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر شوکت غیور کر رہے تھے جنہوں نے روزگار فوائد اسکیموں میں بدنظمی سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا۔ وفد نے میر کو بتایاکہ پچھلے دو سالوں سے ان کی ماہانہ اجرت کوبند رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ پنشن بھی واجب الادا ہے ، دیگر ملازمین فوائد سے بھی محروم ہیں۔ جنرل سیکریٹری نے وفد کے مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ اِس مسئلہ کومتعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر حل کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ بعد ازاں موصوف نے متعلقہ حکام سے بات کی ۔ انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ انتظامیہ جلد ہی ان کے مسائل کو حل کرے گی۔
مختلف محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کریں: ایم ڈی جے کے آر ایل ایم
سرینگر//مشن ڈائریکٹر جموں و کشمیر سٹیٹ رورل لائیولی ہڈس مشن (جے کے آر ایل ایم) اندو کنول چِب کی صدارت میں جمعرات کو ایک میٹنگ جے کے آر ایل ایم کے سٹیٹ دفتر میں منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کی دیہی خواتین کی بہتری کے لئے مشن کے تحت کئے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لینے اور ان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم ریاض احمد بیگ ، نیشنل مشن منیجر لائیو لی ہڈس سنیتا چکر برتی ،مختلف لائن ڈیپارٹمنٹو ں کے اَفسران سینئر پروجیکٹ ،سینئر پروجیکٹ منیجر جے کے آر ایل ایم، ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر ، بلاک پروگرام منیجر اور مشن کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم نے مشن کے فیلڈ عہدہ داروں سے کہا کہ وہ موجودہ سرکاری سکیموں سے فوائد حاصل کرنے کے لئے مختلف لائن محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پرتوجہ مرکوز کریں جس کے نتیجے میں دیہی خواتین کی معاشی بہتری آئے گی۔مشن ڈائریکٹر نے میٹنگ میں موجود مختلف محکموں کے عہدہ داروں پر مزید زور دیا کہ وہ ایس ایچ جی ممبران کے لئے سکیم کے اہداف اور فائد کے مختص کا فیصد محفوظ رکھیں اور اُنہوں نے عہد ہ داروں سے کہا کہ وہ ایس ایچ جی ممبران کے لئے اہلیت کے عمل کو آسان بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ دیہی خواتین کا احاطہ کیا جاسکے۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ دیہی ایس ایچ جی اراکیں کو موجودہ مارکیٹ کی پیداوار کے برابر لانے کے لئے متعلقہ محکموں سے ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بالخصوص زرعی متعلقہ مصنوعات میں توجہ مرکوز کی جائے گی۔مشن ڈائریکٹر نے مشن کے فیلڈ عہد ہ داروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ سیلف ہیلپ گروپ ممبران کو سروس ڈیولپمنٹ خدمات میں شامل کریں کیوں کہ اِس میں ان کی لائیو لی ہڈس کو وسعت دینے کی بڑی گنجائش ہے۔میٹنگ میں ایک روڈ میپ پر بھی تبادلہ خیال ہوا تاکہ ایس ایچ جی خواتین کاروباریوں کے لئے نئے ذریعہ معاش کے آئیڈ یا ز تیار کئے جائیں ۔
س سیاحوں کو پیش کی جانے والی خدمات
محکمہ سیاحت کاشہر کے مختلف ہوٹلوں کا معائنہ، 2ہوٹلوں پر جرمانہ عائد
سرینگر//محکمہ سیاحت کے افسران کی ایک ٹیم نے سیاحتی خدمات کی زیادہ قیمتوں کو روکنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے شہر کے مختلف ہوٹلوں کی چیکنگ کی تاکہ سیاحوں کو پیش کی جانے والی خدمات اور ان کی قیمتوں کا تعین کیا جاسکے۔افسران کی ٹیم نے دورانِ چیکنگ دو ہوٹلوں تاج ویوانتا اور للت گرینڈ پیلس پر زائد نرخوں اور دیگر خدمات کی کوتاہیوں پر جرمانہ عائد کیا۔ یونٹس کو یہ نوٹس بھی دیا گیا تھا کہ جے اینڈ کے رجسٹریشن آف ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت کارروائی اور خلاف ورزیوں کے لئے دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی اور اگر کورس میں اصلاح نہیں کی گئی ہے۔افسروں کی ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر، رجسٹریشن کشمیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ہیڈ کوارٹر اینڈ ریکریشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، انفورسمنٹ اور دیگر اہلکار شامل تھے۔یاد رہے کہ محکمہ نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی طرف سے زائد چارجنگ اور دیگر خدمات کی کمی کی کئی شکایات موصول ہونے کے بعد پورے کشمیر میں سیاحتی خدمات کو منظم کرنے اور مناسب قیمتوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے افسران کی ایک سینٹرل کمیٹی تشکیل دی تھی۔کمیٹی کی مہم کو آنے والے دنوں میں مزید تیز کرنے کا منصوبہ ہے۔محکمہ نے تمام خدمات فراہم کرنے والوں کو اوور چارجنگ، دھوکہ دہی کے خلاف خبردار کیا ہے جبکہ ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا کاروبار اس جگہ کی اعلیٰ ترین مہمان نوازی کی روایات کے اندر کریں۔
روئی کے گالے باعث عذاب
ڈگری کالج بمنہ علاقے میں لوگوں کو مشکلات
سرینگر/ / ٹٹو گراونڈ بٹہ مالو اور ڈگری کالج بمنہ میں روسی سفیدوں سے روئی کے گالے باعث پریشانی بن گئے ہیں ۔ وادی بھرمیں روسی سفیدوں سے نکلنے والی روئی نے عام لوگوں کو پریشان کررکھا ہے اور اس سے کئی طرح کی بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں ۔ٹٹو گراونڈ بٹہ مالو اور ڈگر کالج بمنہ میں ان روسی سفیدوںسے نکلنے والی روئی آس پاس کے علاقوں میں پھیل کر عام لوگوں کیلئے باعث پریشانی بن گئے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان روسی سفیدوں کو کاٹنے کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔ سی این آئی
ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمزجی آر بیگ ٹرسٹ کا مرکزی مشاورت کمیٹی کاممبرنامزد
سرینگر//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی ایک میٹنگ میں ایڈیشنل ڈایریکٹرسکمز گلزار شبنم کو مرکزی مشاورت کمیٹی کا ممبر اتفاق رائے سے نامزد کیا گیا جبکہ ٹریڈ یونین لیڈر اظہر مجروح ترجمان اعلی، سرکردہ تاجر بشارت شاہ کو مرکزی سیکریٹری ، مشتاق احمد شاہ ضلع صدر بارہمولہ ، لون نثار ضلع صدر اننت ناگ نامزد کیا گیا ہے ۔موصولہ بیان کے مطابق اس میٹنگ میں ٹرسٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے اس بات پر زور دیا گیا کہ مستحق اور مجبور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے ۔ اس موقع پر راجوری میں 14اور 15مئی کو مفت طبی کیمپوں کو بھی حتمی شکل دی گئی اور اس سلسلے میں تیاریوں کو جائزہ لیاگیا ۔ میٹنگ میں اس بات پر اطمینا ن کااظہار کیا گیا کہ ان میڈیکل کیمپوں میں لوگوں کیلئے بہتر طبی سہولیت فراہم کی جارہی ہے اور انہیں علاج و معالجہ اور ڈاکٹری مشورے کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر قاضی سرور اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمز کا ان کے تعاون پیش کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا گیا ۔
’ کڑھائی میں مصنوعات کی ترقی ‘
بڈگام میں قبائلی کاریگروں کیلئے ورکشاپ اختتام پذیر
بڈگام//بڈگام کے قبائلی کاریگروں کیلئے 52 روزہ ’ پروڈکٹ ڈیولپمنٹ ان ایمبرائیڈری ‘ ورکشاپ ٹی آر سی دودھ پتھری میں منعقدہ ایک تقریب میں اختتام پذیر ہوا ۔ ورکشاپ کا انعقاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی ( این آئی ایف ٹی ) نے کیا تھا اور 22 مارچ سے شروع ہوا تھا ، جہاں 27 قبائلی کاریگروں کو ہنر مندی کی تربیت فراہم کی گئی تھی ۔ ورکشاپ کے انعقاد پر این آئی ایف ٹی اور ضلعی انتظامیہ بڈگام کی تعریف کرتے ہوئے سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جو اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ، نے کہا کہ بڈگام کے اختراعی ماڈل کو دوسرے اضلاع میں بھی نقل کیا جائے گا تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کاریگروں کو ہنر مندی کی ترقی کی بہتر تربیت فراہم کی جائے ۔ سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے مقامی دستکاریوں کے فروغ کیلئے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستکاروں کیلئے اپنی مصنوعات کی نمائش کیلئے خصوصی نمائشیں اور دو میگا ہاٹ بھی منعقد کئے جائیں گے اور ہمارے کاریگروں کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے اختراعی ڈیزائننگ کے ساتھ تمام روائتی دستکاریوں کو مارکیٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے مزید کورسز کے انعقاد پر زور دیا اور قبائلی دستکاروں اور ان کے ہنر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کیلئے متعلقہ محکموں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے دستکاروں میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر دیگر کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری قبائلی امور ، سی ای او دودھ پتھری ، اے سی ڈی ، اے ڈی ہینڈ لوم، ٹرینرز ، کاریگر اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے ۔
ڈاکٹر رابیہ خواتین شاخ نیشنل کانفرنس کپوارہ کی صدر منتخب
اشرف چراغ
کپوارہ//نیشنل کانفرنس نے شمالی ضلع کپوارہ میں ڈاکٹر رابیہ وانی کو خواتین ونگ کے لئے صدر منتخب کیا اور اس کے ساتھ ایک باڈی تشکیل دی ۔صوبائی صدر خواتین ونگ نیشنل کانفرنس صبیہ قادر نے با ضابطہ طور ڈاکٹر رابیہ وانی کو خواتین ونگ کا صدر نامزد کیا اور اس کے ساتھ ایک ضلعی با ڈی تشکیل دی جس میں رابیہ خان نائب صدر، شبروزہ وانی نائب صدر ،فاطمہ اختر نائب صدر ،اقرا ء بٹ ضلع سیکریٹری ،زویا خان جوائنٹ سیکر ٹری ،مسعودہ اختر آرگنائزر ،ایدوکیٹ مہناز جان پبلسٹی سیکریٹری اور شاہینہ پروین پبلسٹی سیکریٹری شامل ہیں ۔اس موقع پر نو منتخب ضلع صدر خواتین ونگ ڈاکٹر رابیہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس وہ واحد جماعت ہے جو لوگو ں کی بھر پور نمائندگی کر تی ہے اور لوگو ں کے مسائل حل کرنے میں نیشنل کانفرنس نے ہر وقت کام کیا ۔انہو ں نے کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط کر نے کے لئے اپنی ساتھی خواتین کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔
ڈاکٹر فاروق کا ڈاکٹر عبدالحی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ کاجنوبی کشمیر کے معروف معالج ڈاکٹر عبدالحی دیوا ساکن ہوم شالی بُگ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ یاد رہے مرحوم پارٹی کے مرحوم رہنما عبدالسلام دیوا کے فرزند تھے۔ اُن کی نمازِ جنازہ میں جنوبی کشمیر کے زون صدر ڈاکٹر بشیر احمدویری، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، پیرزادہ احمد شاہ، سکینہ ایتو، حسین مسعودی، الطاف احمد کلو، عمران نبی ڈار اور غلام محی الدین میر نے بھی تعزیت کا اظہا رکیاہے۔
ڈائریکٹراسٹیٹ ریسورس سنٹرکشمیر یونیورسٹی کی والدہ فوت
سرینگر//ڈائریکٹر (انچارج) اسٹیٹ ریسورس سینٹر، کشمیر یونیورسٹی محمد یوسف کی والدہ مختصر علالت کے بعد سرینگر میں انتقال کر گئیں۔محمد یوسف لیسو معروف براڈ کاسٹر اور نیوز اینکر ہلال ہاشم کے بہنوئی ہیں۔ خاندانی ذرائع نے بتایاکہ موصوفہ کی نماز جنازہ ہمدانیہ کالونی بمنہ میں ادا کی گئی ،جس کے بعداُنکی میت کو آبائی قبرستان ملہ کھاہ سرینگر میں سپرد خاک کی گئی۔دریں اثناء وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر میر نثار اور دیگر افسران نے ڈائریکٹر (انچارج) اسٹیٹ ریسورس سنٹر، کشمیر یونیورسٹی محمد یوسف لیسو کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جے کے این ایس
لاش کی شناخت کیلئے عوام سے تعاون طلب
سرینگر// نوگام پولیس نے ایک عدم شاخت لاش کی شناخت کیلئے عوام سے تعاون طلب کیا ہے ۔مذکورہ شخص کی لاش کو صدر ہسپتال میں رکھا گیا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لاش کی شناخت کریں ۔اس سلسلے میں موبائیل نمبرات 9596770882اور 9906824537 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔