بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ جل شکتی کے مستقل و عارضی ملازمین نے عدالتی و انتظامی احکامات کا نفاذ نہ کرنے کے خلاف17مئی سے72گھنٹوں کے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ سرینگر میں واٹر ورکرس کارڈی نیشن کمیٹی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری حکم نامہ39JKGSD of 2021محرر15فروری2021کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس حکم نامہ کے تحت محکمہ پی ایچ ای کے5ڈویژنوں کے ملازمین کو متعلقہ بدلیاتی اداروں کے ساتھ منسلک کیا گیا جس میں1117مستقل اور5037عارضی ملازمین شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ اس حکم کے خلاف محکمہ کے ملازمین نے عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور عدالت نے عارضی ملازمین سے متعلق حکم نامہ پر حکم امتناع صادر کیا جبکہ مستقل ملازمین کو ڈیپوٹیشن پر روانہ کرنے کے احکامات دیئے۔ کارڈی نیشن کمیٹی کے سنیئر لیڈر سجاد پرے نے کہا کہ تاہم محکمہ نے دونوں حکم ناموں کی حکم عدولی کی اور کچھ ایک ملازمین کو بلدیاتی اداروں سے منسلک کیا اور کچھ ایک کو اپنے ڈویژنوں میں ہی رکھا۔ پرے نے کہا کہ سابق چیف انجینئر نے ملازمین کو دھوکہ دیا اور انہیں انصاف کے بدلے اندھیرے میں دھکیلا۔ ان کا کہنا تھا کہ طریقہ کار کو بالائے طاق رکھ کر ملازمین کے مستقبل اندھیرکردیا گیا،جس کے نتیجے میں وہ تذبذب میں مبتلا ہیں۔سجاد پرے نے کہا ’’ حد تو یہ ہے کہ گزشتہ3ما سے عارضی و مستقل ملازمین کو تنخواہوں سے بھی محروم رکھا گیا ہے اور عید پر بھی انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے رہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مطالبات کے حق میں ملازمین نے17مئی سے72گھنٹوں تک بھوک ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیاہے۔ پرے نے کہا کہ و انتظامیہ سے ٹکرائو کی پالیسی نہیں چاہتے ،تاہم انتظامیہ کو بھی چاہیے کہ و ہ ملازمین کے مسائل کا ازلہ کرے۔