یواین آٸی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ پچھلے کچھ برسوں میں ہندوستان نے اتنی طاقت حاصل کرلی ہے کہ وہ اس کی سرحد اورفوج کے ساتھ چھیڑچھاڑکرنے والوں کوامریکہ اور اسرائیل کی طرح منہ توڑ جواب دینے کی طاقت رکھتاہے۔
ایک دن کے کرناٹک دورے پر صبح بنگلور پہنچے مسٹر شاہ نے بسوجینتی پر شری بسوانّا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نرپتونگا یونیورسٹی کے افتتاح سمیت مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں قومی سلامتی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 2014 سے پہلے آئے دن پاکستان سے متاثر دہشت گرد ملک پر حملے کرتے تھے اور مرکزی حکومت کی طرف سے صرف بیان بازی کی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی جی کے آنے کے بعد اری اور پلوامہ میں حملے ہوئےتو 10 دن کے اندر سرجیکل اسٹرائیک اور ایئر اسٹرائیک کرکے منہ توڑ جواب دیاگیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بڑا فرق پڑا ہے اور آج پوری دنیا جانتی ہے کہ ہندوستان کی سرحدوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتا کیونکہ اس کامعقول جواب دیا جائے گا۔ اس طرح کی جرات کا جواب دینے کے لیے اس سے پہلے صرف امریکی اور اسرائیلی فوج ہی جانی جاتی تھی لیکن اب اس میں بھارتی فوج کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
قومی مسائل کو حل کرنے میں مودی حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹرشاہ نے کہا، ’’آرٹیکل 370، 35 اے اور سی اے اے جیسے بہت سے مسائل کومودی جی نے پلک جھپکتے ہی ختم کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن ہندوستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹا کر اس حکومت نے کشمیر کو ہمیشہ کے لیے بھارت سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے صنعت کے میدان میں بہت سارے منصوبے لا کر ہندوستان کو صنعتی مرکز بنانے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا، “اگر ہندوستان مینوفیکچرنگ کا ہب بنتا ہے، تو یہ ہمارے لیے دو لحاظ سے اہم ہے۔ 130 کروڑ کی مارکیٹ ہمارے ملک میں ہی دستیاب ہے اور ملک کے نوجوانوں کو مواقع بھی ملیں گے۔”