یو این آئی
نئی دہلی// دہلی پردیش کانگریس نے اتوار کو قومی دارالحکومت کے منڈکا علاقے میں پانی کی کمی کا سامنا کرنے والے لوگوں کے ساتھ ‘مٹکا پھوڑ’ احتجاج کیا اور دہلی حکومت سے شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو فوری طور پر مناسب مقدار میں پانی فراہم کرانے کامطالبہ کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کے ترجمان نریش کمار نے کہا کہ راجدھانی کے دیہی علاقوں کے لوگوں کو بجلی اور پانی کی پریشانی کا سامنا ہے اور کیجریوال حکومت مفت بجلی اور پانی فراہم کرانے کی بات کرکے دہلی کے لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔ڈاکٹر کمار نے کہا کہ آج صبح پارٹی کارکنان نے پانی کے قلت سے پریشان منڈکا علاقے میں ساودا علاقہ کی جے جے کالونی کے لوگوں کے ساتھ مظاہرہ کیا اور دہلی حکومت سے پانی کے بحران کو حل کرنے کی اپیل کی۔ ان کاکہناتھا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال مفت پانی اور بجلی فراہم کرنے کے نام پر گمراہ کررہے ہیں۔