نیوز ڈیسک
پیانگ یانگ//شمالی کوریا نے دشمن قوتوں سے نمٹنے کے لیے جوہری ہتھیار کے استعمال کا عندیہ دے دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ آن نے دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جوہری ہتھیاروں کے قبل از وقت استعمال کے لیے خبردار کیا ہے، دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جوہری ہتھیار ان کے حملے سے پہلے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضروری ہو تو ملک کو درپیش تمام خطرات کو پہلے سے ہی ناکام بنانے کے قابل ہونا چاہیے، پیانگ یانگ ہتھیاروں کی تیاری جاری رکھے گا تاکہ اس کے پاس زبردست فوجی طاقت ہو جسے دنیا کی کسی بھی طاقت کے خلاف استعمال کیا جاسکے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے فوجی پریڈ کا معاینہ کرتے ہوئے عسکری قوت بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق فوج کے قیام کو 90برس گزرنے پر ملک میں عسکری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شمالی کوریا کے جدید ہتھیاروں کی نمایش کی گئی۔ ان میں سب سے بڑا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ا?ئی سی بی ایم ، ہواسونگ 17 اور حال ہی میں تجربہ کیا گیا ہائپرسونک میزائل بھی شامل تھا۔کم جونگ ان نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سپوت دشمن کو نیست و نابود کرنے کے لیے تیار ہیں۔