اشتیاق ملک
ڈوڈہ// انتظامیہ نے کاروباری اداروں، مذہبی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو عام لوگوں کی حفاظت اور سیکورٹی کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے کہا کہ سیکشن 144 سی آر پی سی کے تحت ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ کے ذریعہ ایک حکم جاری کیا گیا ہے جس کے تحت اب ضلع بھر میں کاروباری اداروں جیسے جیولری شاپس، پٹرول پمپس، شاپنگ مالز، ریستوران ہوٹل، شراب کی دکانیں، کھانے کے مقامات، شو رومز، تعلیمی ادارے، مذہبی مقامات، بس اسٹینڈز، ہسپتال، ہیلتھ کلینکس، کوچنگ سینٹرز، جمنازیم سینٹرز، پارکس، میرج، بینکوئٹ ہال اور مذہبی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی ہے تاکہ عام لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انتظامیہ نے کاروباری اداروں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرنے کے لئے 21 اپریل سے حکم میں 15 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے ضلع کی تمام تاجر تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں بصورت دیگر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ پولیس نے پہلے ہی آپریشن تھرڈ آئی کے تحت اہم سرکاری اداروں، کاروباری اداروں، گھریلو تنصیبات اور دیگر ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی تھی تاکہ سیکورٹی کی نگرانی کو بڑھایا جا سکے اور سماج دشمن، مجرموں پر نظر رکھی جا سکے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے نہ صرف جرائم یا دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ انسانی جان کو لاحق خطرات کو روک کر کاروباری سرگرمیوں اور معاشرے کی مجموعی ترقی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی اور یقینی طور پر عام لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ہوگی۔