رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ علاقہ میں واٹر سپلائی سکیم کا ڈھانچہ خستہ حال ہو نے کی وجہ سے جمع شدہ پانی کی زیادہ مقدار ضائع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ گائوں کی 5وارڈوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔پانی کے خستہ حال نظام کی وجہ سے علاقہ میں 400سے زائد کنبوں کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے جبکہ علاقہ میں شدید گرمی کے باوجود بھی عام لوگ بالخصوص خواتین پینے کیلئے صاف پانی قدرتی چشموں سے لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے انسانوں کیساتھ ساتھ حیوانوں کی زندگی بھی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کنگوٹہ واٹر سپلائی سکیم کی مرمت ہی نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے جہاں بچھائی گئی پاپئیں بوسیدہ ہو کر سپلائی متاثر کررہی ہیں وہائیں پانی جمع کرنے کیلئے بنایا گیا ٹینک بھی اب خارج ہونا شروع ہو گیا ہے ۔عوامی شکایت و مشکلات کو دیکھتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین نے مذکورہ واٹر سپلائی ٹینک کا معائینہ کرنے کے بعد انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹینک کی مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹینک کی تعمیر کے دوران غیر معیاری ساز و سامان کااستعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس سے پانی خارج ہونا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹھیکیدار کی اس سلسلہ میں ادائیگی روک دی جائے جبکہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو متحرک کیا جائے ۔