عارف بلوچ
اننت ناگ //منشیات کے استعمال اور اس کی روکتھام پر رسول میر آڈیٹوریم ڈورو میں ایک سمینار منعقد ہواجس کا انعقاد جموں کشمیر نیشنلسٹ پیپلز فرنٹ و شاہ آباد کوچنگ سینٹر نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔سمینار میں مختلف اسکولوں سے وابستہ طلاب،اساتذہ اورمعزز شہریوں نے شرکت کی۔ماہرین نے منشیات کے برے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک بدعت ہے اور اس سے سماج تباہ ہو رہا ہے۔ماہرین نے کہا کہ منشیات کی وجہ سے انسان نہ صرف جسمانی طور بلکہ روحانی طور پر بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے بچنے کے لیے ہمیں ہر سطح پر کوشش کرنی چاہئے تاکہ ہمارا سماج منشیات سے پاک ہو جائے۔تنظیم کے ریاستی صدر شیخ مظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں میں ہی بچوں کو ایسی تربیت کرنی چاہئے تاکہ ہمارے بچے اس بدعت سے اپنے آپ کو دور رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی سالوں سے اس اہم مشن پر کام کررہے ہیں تاکہ ہمارا کشمیر اس ناسور سے پاک ہوجائے ۔سمینار میں ضلع صدر شاہد حسین بٹ،شاہ آباد سٹیزن فورم کے سربراہ جاوید احمد خان،صدر میونسپل کمیٹی ڈورو محمد اقبال آہنگر و سرسید میموریل ایجوکیشنل انسٹیچوٹ کے سربراہ عاشق حسین نے بھی خطاب کیا۔سمینار کے آخر میں دسویں و بارہویں امتحان کے نتائج میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلاب کو توصیفی اسناد سے نواز گیا ۔