بیجنگ ٹوکیو بیجنگ میں جاری چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں دوسرے راؤنڈ کے مقابلے جاری ہیں جہاں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ، روس کی سویتلانا کزنیٹسووا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا، فرانس کی الیزے کورنیٹ ،ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی اور چین کی شوائی زینگ پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں تاہم سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا اور اٹلی کی رابرٹا ونچی اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ فورتھ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے بلجیم کی یانینا وکمیئر کو چھ، دو کے یکساں اسکور سے زیر کرکے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ نمبر نو سیڈ روس کی سویتلانا کزنیٹسووا نے یہی کارنامہ جاپان کی میساکی ڈوئی کو ہرا کر انجام دیا۔ دوسرے راؤنڈ کے دیگر میچز میں نمبر14 سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے چینی کوالیفائر یافان وانگ کیخلاف چھ، چار اور چھ، ایک سے کامیابی حاصل کی۔ چین کی شوائی زینگ اور امریکا کی الیسن رسکے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا جس میں شوائی زینگ نے جیت کو گلے لگایا۔ فرانس کی الیزے کورنیٹ نے ٹاپ ٹین میں شامل سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا کوحیران کن ہزیمت سے دوچار کیا جبکہ سیڈڈ پلیئر اٹلی کی رابرٹا ونچی کو ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے اَپ سیٹ شکست دے دی۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل ایونٹ میں ٹاپ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے ، سیکنڈ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال، تھرڈ سیڈ کینیڈا کے مائیلوس رونیک، جرمنی کے الیگزینڈر زیویرو، اٹلی کے فیبیو فوگنینی، روس کے آندرے کزنیٹسوف اور امریکا کے جیک سوک حریف کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر لاسٹ 16 راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ ٹوکیو میں جاری جاپان اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں سیکنڈ سیڈ فرانس کے گیل مونفلس، ففتھ سیڈ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن، سکستھ سیڈ آسٹریلیا کے نک کیرگیوس، سیونتھ سیڈ کروشیا کے آئیو کارلووچ، قبرص کے مارکوس بغداتیس، ارجنٹائن کے یوآن موناکو، فرانس کے جائلز سیمون، جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپانیک، جیری ویزلی اور سربیا کے یانکو ٹپسارے وچ نے حریف کھلاڑیوں کو گھر واپسی کا ٹکٹ تھما کر لاسٹ 16 راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ نمبر آٹھ سیڈ اسپین کے فیلسیانو لوپیز کی چھ، سات، سات، چھ اور چار، دو کے اسکور پر دستبرداری سے آسٹریلیا کے جیمز ڈک ورتھ نے بھی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔