محمد تسکین // بانہال// چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر گذشتہ روز اپنے آبائی علاقہ بٹرو تحصیل اکڑہال ضلع رام بن کے اولین دورہ پرپہنچے۔ہفتہ کی شب موصوف نے بٹوٹ میں واقعہ اپنی رہائش گاہ میں قیام کیا ،اتوار صبح دس بجے ضلع صدر مقام رام بن پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد میں انہوں نے وہاں ضلع اینڈ سیشن کورٹ کمپلیکس میں اپنے والد ٹھاکر دیوی داس کی یاد میں قائم کئے گئے کتب خانہ کا افتتاح کیا ۔ ا س دوران انہوں نے بار ایسو سی ایشن رام بن کے ممبران سے ملاقات کی اور ان کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کو سنا ۔ اس لائبریری کیلئے چیف جسٹس نے قانون و انصاف پر مبنی پانچ ہزار کتابوں کا عطیہ دیا ہے۔رام بن سے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اپنے آبائی گاؤں بٹرو ، اکڑال کی طرف روانہ ہوئے۔ ان کے ہمراہ سپریم کورٹ آف انڈیا اور جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے کئی جج اور محکمہ دیہی ترقیات اورقانون و انصاف کے ریاستی وزیر عبدالحق خان بھی تھے ۔ اس موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے اور رام بن سے اکڑال تک سخت حفاظتی بندوبست میں صرف 50 کے قریب مخصوص گاڑیوں کو ہی جموں سرینگر شاہراہ سے اکڑال جانے کی اجازت دی گئی جبکہ اکڑہال تقریب میں جانے والے سینکڑوں لوگ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اجازت نہ ملنے کی وجہ سے مایوسی کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہوئے۔ اس موقع پرصرف سرکاری میڈیا کوہی کوریج کی اجازت تھی ۔ مگر کوٹ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑک کے دونوں طرف موجودتھے اور ان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ لوگوں نے اظہار محبت کے طور پھول برسائے استقبال کرنے والوں میں ممبر اسمبلی وقار رسول وانی، پی ڈی پی لیڈر بشیر احمد رونیال اور دیگران موجود تھے۔ بٹرو کے مقام پر محکمہ دیہی ترقیات کی طرف سے ان کے والد اور سابقہ نائب وزیر اعلی جموں وکشمیر ٹھاکر دیوی داس کے نام تعمیر کئے گئے کمیونٹی سینٹر بٹرو ، اکڑال کا افتتاح کیا اور اسے عوام کے نام وقف کیا گیا۔ اس کے بعد علاقے میں محکمہ دیہی ترقیات کی طرف سے مجوزہ دیوداس ٹھاکر میموریل پارک کی بھی بنیاد رکھی، کونچی ، اکڑال کے مقام ایک عمارت میں قائم کئے گئے منصف کورٹ کا افتتاح کیا اور ہنگا اکڑال کے مقام منصف کورٹ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس کے بعد چیف جسٹس نے ہائر سیکنڈری سکول اکڑال میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جہاں تحصیل اکڑال ، پوگل پرستان ، سینابتی اور النباس سمیت ضلع رام بن کے شمال و جنوب سے آئے سینکڑوں لوگ صبح سے جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر کی آمد کا انتظار کر رہے تھے اور ان کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے، جگہ جگہ ان کے استقبال میں بینر لگائے گئے تھے ۔تقریب میں ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس این پال وسنتھا کمار، محکمہ دیہی ترقیات اور انصاف وقانون کے وزیر عبدالحق خان، سپریم کورٹ جج جسٹس ڈی وائی چندراچوڑ ، جسٹس اے ایم خانولکر ، جسٹس انل آر دیوا ،ریاستی ہائی کورٹ کے جسٹس محمد یعقوب میر نے بھی شرکت کی۔ چیف جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر نے اکڑال میں منصف کورٹ کے قیام کیلئے لوگوں کو مبارک باد پیش کی اورریاستی سرکار کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے ماضی اور اپنے والد دیوی داس ٹھاکر کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے کسی بھی کونے میں ہوں لیکن انہیں اپنے علاقے کی یاد ہر دم لگی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا پہلے یہ علاقے سڑک، طبی ،تعلیمی اور دیگر سہولیات سے محرو م تھے ، انہوں نے میلوں پیدل مسافت طے کرکے ابتدائی تعلیم حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ان کے والد دیوی داس ٹھاکر نے اپنے دور اقتدار میں علاقے کی تعمیر وترقی کو اولین ترجیح دی تھی اور وہ بھی ذاتی طور اپنے علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر بنک کی طرف سے اکڑال میں نصب کئے گئے اے ٹی ایم کو بھی عوام کے نام وقف کیاگیا۔ بٹوٹ ، رام بن ، مگرکوٹ ، بٹرو اور اکڑال کے درجنوں وفود نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور انہیں ِ میمورنڈم پیش کئے ، جن میں واٹر ورکس ایسوسی ایشن ، بار ایسوسشن رام بن ، ڈگری کالج کمیٹی اکڑال ، رہبر تعلیم ٹیچرس ایسوسی ایشن کے علاوہ کئی علاقائی وفد شامل تھے۔